انڈمان و نکوبار جزائر کے لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر دنیش شرما نے سوراج دیپ کا دو روزہ تفصیلی دورہ شروع کیا۔ سوراج دیپ پہنچنے پر ہیلی پیڈ پر ان کا روایتی اور ثقافتی انداز میں شاندار استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے جزیرے کی ہمہ جہت ترقی، صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں توسیع، سیاحتی سہولتوں کو مضبوط بنانے اور مقامی شہریوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے پر خصوصی زور دیا۔
انتظامی جائزہ میٹنگ، مسائل کے بروقت حل کی ہدایت
دورے کے آغاز میں لیفٹیننٹ گورنر نے جزیرے میں جاری ترقیاتی کاموں، کچرے کے انتظام، امن و قانون کی صورت حال اور زیر التوا عوامی مسائل کے حل کے سلسلے میں عوامی نمائندوں، انتظامی افسران اور پولیس حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی۔انہوں نے افسران کو واضح ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور عوام سے متعلق معاملات کو شفافیت کے ساتھ ضابطوں کے مطابق حل کیا جائے۔
گووند نگر پی ایچ سی کو سی ایچ سی میں تبدیل کرنے کی ہدایت
صحت کی سہولتوں کا جائزہ لینے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر نے گووند نگر کے پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کرکے طبی سہولتوں اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے صحت مرکز کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) میں اپ گریڈ کرنے، 40 اقسام کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھنے والا خودکار تجزیاتی آلہ نصب کرنے، خراب ایکس رے مشین کی فوری مرمت کرانے اور گزشتہ دو سال سے زیر التوا ڈی جی سیٹ کو شروع کرنے کی ہدایت دی۔
اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لیے 10 نئے کمروں کی تعمیر، جدید آپریشن تھیٹر شروع کرنے اور ماہر ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل شروع کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔
اسکولوں میں اضافی کمرے، بنیادی سہولتوں میں توسیع
گووند نگر کے سرکاری سینئر سیکنڈری اسکول کے معائنے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے طلبہ کو نظم و ضبط کے ساتھ رہنے اور بڑے اہداف طے کرنے کی ترغیب دی۔انہوں نے اسکول میں 4 نئے کمرے تعمیر کرنے، اساتذہ کی رہائش گاہوں کی مرمت، بیڈمنٹن کورٹ بنانے، اسکول وین فراہم کرنے اور ایک کمرے میں آنگن واڑی مرکز قائم کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی اسکول میں کامرس کی تعلیم شروع کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔ اس کے علاوہ کرشنا نگر کے سرکاری سیکنڈری اسکول میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے مقصد سے 3 اضافی کمروں کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔
سیاحوں کے لیے ہاپ آن ہاپ آف بس سروس شروع
سوراج دیپ سی پورٹ ٹرمینل کے معائنے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مسافروں کی سہولتوں اور پارکنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ سوراج دیپ میں نئی جیٹی کی تعمیر کی تجویز کو مرکزی حکومت سے جلد منظوری دلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ سیاحوں کے سفر کو آسان اور کم خرچ بنانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی رکن پارلیمنٹ وشنو پد رے کی موجودگی میں تین ایئر کنڈیشنڈ ’ہاپ آن ہاپ آف‘ بسوں کا افتتاح کیا۔ اس سہولت کے تحت سیاح ایک ہی ٹکٹ پر پورے دن جزیرے کے مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کر سکیں گے۔ انہوں نے معروف ’بلیو فلیگ‘ سرٹیفکیٹ یافتہ رادھا نگر ساحل کا بھی معائنہ کیا اور وہاں حفاظت اور شہری سہولتوں کو بہتر رکھنے کی ہدایت دی۔
عوامی مکالمے میں سڑکوں کے لیے 19 کروڑ روپے کی منظوری
شیام نگر کے پنچایت کمیونٹی ہال میں منعقدہ ’جن سنواد‘ پروگرام کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی لوگوں کے مسائل سنے۔انہوں نے جیٹی سے کالا پتھر اور رادھا نگر تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 19 کروڑ روپے کی منظوری، 2 میگاواٹ کے بجلی گھر کو چلانے اور گووند نگر مچھلی بازار کو 40 لاکھ روپے کی لاگت سے جدید بنانے کا اعلان کیا۔اس کے علاوہ کرشنا نگر، شیام نگر اور وجے نگر کے علاقوں میں پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 2 لاکھ لیٹر گنجائش والی اوور ہیڈ واٹر ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اس پورے دورے کے دوران رکن پارلیمنٹ وشنو پد رے، جنوبی انڈمان کے ڈپٹی کمشنر، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت کئی سینئر انتظامی افسران اور عوامی نمائندے موجود رہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


