کانسے کا تمغہ جیتنے والے ہندوستانی باکسر کپل پوکھریا نے ’آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’میرے لیے ذاتی طور پر یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں مجھے شکست ہوئی تھی اور میں میڈل جیتنے سے محروم رہ گیا تھا۔ ایسے میں میرے ذہن میں یہ بات تھی کہ کامن ویلتھ میں میڈل رہ گیا، لیکن ایشین گیمز میں ہر حال میں ملک کے لیے میڈل جیتنا ہے۔ مجھے کانسے کا تمغہ جیتنے کی بہت خوشی ہے۔‘‘
سیمی فائنل کی شکست سے سیکھنے کی کوشش
کپل فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے اور انہیں سیمی فائنل میں ازبکستان کے باکسر توربیک خبیبولایف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے بارے میں بات کرتے ہوئے کپل نے کہا، ’’سیمی فائنل میں وہ کھلاڑی مجھ سے بہتر کھیلا، جس کی وجہ سے مجھے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، میچ کے بعد میں نے کوچ سے بات کی کہ اس مقابلے میں مجھ سے کہاں کہاں کمی رہ گئی اور مجھے کن چیزوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ اب جب میں کیمپ میں جاؤں گا تو اپنی خامیوں پر کام کروں گا۔‘‘ ایشین گیمز کے بعد اپنے مستقبل کے اہداف کے بارے میں کپل نے کہا، ’’اگلے سال ورلڈ چیمپئن شپ ہے اور میری کوشش ہوگی کہ وہاں ملک کے لیے میڈل جیت کر لاؤں۔‘‘
کامن ویلتھ کے بعد ایشین گیمز کا دباؤ
کپل نے بتایا کہ ایشین گیمز کے دوران وہ کافی نروس تھے، کیونکہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈل سے محروم ہونے کے بعد وہ یہاں وہی غلطی دوبارہ نہیں دہرانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ذہن میں یہ بات چل رہی تھی کہ اگر وہ میڈل جیتنے میں ناکام رہے تو انہیں ایک بار پھر تمام چیزیں ابتدا سے شروع کرنی پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز بھی چار سال میں ایک بار ہوتے ہیں، اس لیے ان پر دباؤ زیادہ تھا۔ تاہم جب میڈل یقینی ہوگیا تو انہیں بہت خوشی ہوئی۔
اگلے 2 سال کیریئر کے لیے اہم
کپل نے کہا کہ آنے والے 2 سال ان کے کیریئر کے لحاظ سے بہت اہم ہیں۔ ہندوستانی باکسر کے مطابق اگلے سال ورلڈ چیمپئن شپ ہوگی اور اس کے بعد اولمپکس کے لیے کوالیفکیشن کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔ کپل نے کہا، ’’ہر ایتھلیٹ کا خواب اولمپکس میں کھیلنا ہوتا ہے۔ میں بھی چاہوں گا کہ پہلے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کروں اور پھر ملک کے لیے میڈل جیت کر لاؤں۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



