Bharat Express DD Free Dish

Apple Pay Enters The UPI-Dominated Market: یو پی آئی کے غلبے والے بازار میں ایپل پے کی انٹری، آئی فون صارفین کو ملے گا آسان اور محفوظ کارڈ ادائیگی کا آپشن

ایکسس بینک کے ویزا اور ماسٹر کارڈ کریڈٹ کارڈز سے شروعات. ماہرین کے مطابق ایپل پے سے کارڈ ادائیگی کو فروغ مل سکتا ہے، تاہم یو پی آئی کی پوزیشن پر بڑے اثر کا امکان دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ 

نئی دہلی: ایپل نے ہندوستان میں اپنی ڈیجیٹل ادائیگی سروس ایپل پے لانچ کردی ہے۔ صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل پے کی انٹری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان دنیا کی جدید ترین ڈیجیٹل ادائیگی مارکیٹوں میں شامل ہے اور یونفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) ملک میں ہونے والے مجموعی ڈیجیٹل ادائیگی لین دین کے 80 فیصد سے زیادہ حصے کو سنبھالتا ہے۔

ایکسِس بینک کے کارڈز سے شروعات

مارکیٹ ریسرچ فرم سی ایم آر کے انڈسٹری ریسرچ گروپ کے نائب صدر پربھو رام نے کہا کہ ہندوستان میں ایپل پے کا آغاز کمپنی کے ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر اور سروسز پر مشتمل ایکو سسٹم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔ ان کے مطابق ایپل اب اپنے صارفین کو مربوط اور ہموار ادائیگی کا تجربہ فراہم کرنے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ فی الحال ایپل پے، ایکسِس بینک کی جانب سے جاری کیے گئے ویزا اور ماسٹر کارڈ کریڈٹ کارڈز کو آئی فون، آئی پیڈ اور ایپل واچ پر سپورٹ کرے گا۔ کمپنی جلد ہی میک ڈیوائسز کے لیے بھی یہ سہولت دستیاب کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

یو پی آئی پر بڑے اثر کا امکان نہیں

پربھو رام نے کہا کہ ہندوستان کے چوتھے سب سے بڑے کریڈٹ کارڈ جاری کنندہ ایکسِس بینک کے ساتھ شروعات ایپل کے لیے اہم ہے۔ بینک کے پاس تقریباً 1.62 کروڑ فعال کریڈٹ کارڈز ہیں، جبکہ ملک میں مجموعی کریڈٹ کارڈز کی تعداد 12.2 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور کانٹیکٹ لیس ادائیگی کا استعمال بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ ایپل پے کی آمد سے یو پی آئی کی پوزیشن پر کوئی بڑا اثر پڑنے کا امکان نہیں ہے۔ ان کے مطابق یو پی آئی ہندوستانی صارفین کی روزمرہ ادائیگیوں کا بنیادی ذریعہ بنا رہے گا۔

کارڈ ادائیگی کا تجربہ ہوگا آسان

پربھو رام کے مطابق ایپل پے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ ایپل ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کارڈ کے ذریعے ادائیگی زیادہ آسان اور سہل ہوجائے گی۔ اس سے ایپل کے ایکو سسٹم کے ساتھ صارفین کا تعلق بھی مزید مضبوط ہوسکتا ہے۔ کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے ریسرچ ڈائریکٹر ترون پاٹھک نے بھی کہا کہ ایپل پے ہندوستانی بازار میں کارڈ کے استعمال کو فروغ دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق چیک آؤٹ کے وقت او ٹی پی کی ضرورت ختم ہونے سے ایپل ڈیوائس صارفین کے لیے ادائیگی کا عمل کافی آسان ہوجائے گا۔

مزید بینکوں کی شمولیت اہم

ترون پاٹھک کے مطابق آنے والے وقت میں یہ بات اہم ہوگی کہ کتنے بڑے بینک ایپل پے پلیٹ فارم سے جڑتے ہیں۔ اگر مزید بینک اس میں شامل ہوتے ہیں تو ممکنہ صارفین کا دائرہ تیزی سے وسیع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں یو پی آئی اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھے گا، تاہم ایپل پے کے ذریعے ایپل کو اپنے پریمیم صارفین کے لیے زیادہ بہتر اور مربوط ادائیگی کا تجربہ فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔

این ایف سی ادائیگیوں سے بھی فائدہ

ماہرین کے مطابق کووڈ-19 کے بعد ہندوستان میں کریڈٹ کارڈ کے استعمال اور این ایف سی (نیئر فیلڈ کمیونیکیشن) پر مبنی ادائیگی کے نظام، دونوں میں دو ہندسوں کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ اسی وجہ سے ایپل پے کو ملک میں بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل ادائیگی کی عادتوں کا فائدہ مل سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایکسِس بینک کے ویزا اور ماسٹر کارڈ کریڈٹ کارڈ رکھنے والے صارفین اپنے کارڈ ایپل پے میں شامل کرکے ملک بھر کے ہزاروں آف لائن اور آن لائن تاجروں کے یہاں ادائیگی کرسکیں گے۔ جہاں بھی این ایف سی ادائیگی قبول کی جاتی ہے، وہاں ایپل پے استعمال کیا جاسکے گا۔ ایپل نے کہا کہ یہ سروس اسٹورز، موبائل ایپس اور ویب سائٹس پر صارفین کو تیز، محفوظ اور نجی ادائیگی کا تجربہ فراہم کرے گی۔ ادائیگی کے وقت نہ پن درج کرنے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی او ٹی پی کی، جس سے لین دین کا عمل مزید آسان ہوجائے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read