نئی دہلی : تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے نے منگل 22 ستمبر کو اسکولی طلبہ کے لیے ناشتہ اسکیم کی توسیع کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے چنئی کے ایک اسکول میں خود طلبہ کو کھانا پیش کیا اوران سے بات چیت بھی کی۔ اس دوران وزیراعلیٰ کے بچوں کے ساتھ ناشتہ کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔حکام کے مطابق ناشتہ اسکیم میں توسیع سے ریاست کے 15,454 سرکاری اور ریاستی امداد یافتہ اسکولوں میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے تقریباً 15.30 لاکھ اضافی طلبہ کو فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ وجے نے چنئی کے اسکول میں صرف بچوں کو کھانا ہی نہیں پیش کیا بلکہ ان کے ساتھ بیٹھ کر خود بھی ناشتہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اسکول کے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور کئی طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل بھی سنے۔
پیروُنتھلائیور کامراج ناشتہ اسکیم
ٹی وی کے حکومت کی جانب سے یہ اسکیم پورے تمل ناڈو میں نافذ کی گئی ہے۔ سی جوزف وجے کے تمل ناڈو کا وزیر اعلیٰ بننے کے بعد وزیراعلیٰ ناشتہ اسکیم‘ کا نام تبدیل کرکے ’پیروُنتھلایور کامراج ناشتہ اسکیم‘ کر دیا گیا تھا۔اس اسکیم کا نام سابق وزیر اعلیٰ کامراج کے احترام میں رکھا گیا ہے۔ کامراج نے تمل ناڈو میں اسکولی تعلیم کے فروغ اور طلبہ کے لیے فلاحی اقدامات شروع کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
کمزور معاشی پس منظر والے بچوں کو ہوگا فائدہ
ابتدا میں یہ اسکیم صرف سرکاری اسکولوں کی ابتدائی جماعتوں میں پڑھنے والے بچوں کے لیے تھی، اب اسے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے بھی توسیع دی گئی ہے۔اس توسیع سے بڑی تعداد میں خاص طور پر معاشی طور پر کمزور خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ وجے حکومت کا ماننا ہے کہ کلاس شروع ہونے سے پہلے طلبہ کو غذائیت سے بھرپورناشتہ فراہم کرنے سے ان کی اسکول میں حاضری بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ پیٹ بھرا ہونے کی وجہ سے بچے کلاس میں بھوک محسوس نہیں کریں گے اور ان کی توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
محکموں کے درمیان بہتر تال میل کی ہدایت
تمل ناڈو حکومت نے پیروُنتھلایور کامراج ناشتہ اسکیم کے بہتر نفاذ کے لیے حکام کو سماجی بہبود محکمہ، اسکولی تعلیم محکمہ، مقامی اداروں اور اسکول انتظامیہ کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔حکومت کا مقصد اسکیم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنا اور زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ تک اس کا فائدہ پہنچانا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

