Bharat Express DD Free Dish

بھوج شالہ میں جمعہ کی نماز کا معاملہ، سپریم کورٹ میں سماعت جاری، مسلم فریق نے کہا- عدالت کے حکم پرنہیں ہوا عمل

مسلم فریق کے سینئر وکیل حذیفہ احمدی نے معاملے کا ذکر کیا، جس پر چیف جسٹس نے سماعت جمعرات کو مقرر کرنے کی ہدایت دی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا کہ متبادل مقام کی تفصیلات مسلم فریق کو کیوں نہیں دی گئیں۔

نئی دہلی: بھوج شالہ کے متنازعہ کمپلیکس کے قریب جمعہ کی نمازکے لئے متبادل مقام فراہم کرنے سے متعلق مسلم فریق کی درخواست پرجمعرات کوسپریم کورٹ آف انڈیا میں سماعت ہوئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے دیئے گئے احکامات پراب تک مکمل عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ معاملے کی سماعت چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جائے مالیا باغچی اورجسٹس وی موہنا پرمشتمل بنچ نے کی۔ گزشتہ 24 جولائی کوعدالت نے کہا تھا کہ اس درخواست پربدھ کوسماعت ہوگی، تاہم بنچ کے وقت سے پہلے اٹھ جانے کے باعث سماعت نہ ہوسکی تھی، جس کے بعد اسے جمعرات تک ملتوی کردیا گیا۔

بدھ کوکارروائی ختم ہونے سے قبل مسلم فریق کے سینئروکیل حذیفہ احمدی نے معاملے کا ذکرکیا، جس پرچیف جسٹس نے سماعت جمعرات کومقررکرنے کی ہدایت دی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹرجنرل تشارمہتا سے پوچھا کہ متبادل مقام کی تفصیلات مسلم فریق کوکیوں نہیں دی گئیں۔ حذیفہ احمدی نے عدالت کو بتایا کہ پہلے جس مقام کی پیشکش کی گئی تھی وہ بھوج شالہ سے تقریباً 1.3 کلومیٹردورہے اورضلع کلکٹر نے صرف اسی جگہ کومختص کرنے کا حکم دیا ہے، جوعدالت کی سابقہ ہدایات کے مطابق نہیں ہے۔

سالسٹرجنرل تشارمہتا نے عدالت کوبتایا کہ انتظامیہ نے ایک اورمقام کی نشاندہی کی ہے۔ تاہم مسلم فریق نے اس تجویزپربھی اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نئی جگہ بھی کافی دورہے اوروہ ایک بریوری (شراب بنانے والی فیکٹری) کے احاطے کا حصہ ہے، اس لیے وہاں نمازادا کرنا مناسب نہیں۔ مسلم فریق نے عدالت کوتجویزدی کہ بھوج شالہ کے قریب واقع درگاہ کے سامنے ایک خالی زمین موجود ہے، جسے جمعہ کی نمازکے لیے مختص کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک برادری کے دباؤکے آگے نہیں جھکنا چاہئے اورعدالت کے احکامات پرحقیقی معنوں میں عمل ہونا چاہئے۔

قابل ذکرہے کہ سپریم کورٹ نے 14 جولائی، 2026 کومسلم فریق کی اپیل پرسماعت کرتے ہوئے مدھیہ پردیش حکومت کوہدایت دی تھی کہ مقدمے کا حتمی فیصلہ آنے تک متنازعہ بھوج شالہ کمپلیکس کے قریب ہی جمعہ کی نمازکے لئے دوپہرایک بجے سے تین بجے کے درمیان ایک الگ کھلی جگہ فراہم کی جائے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔