نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بھارت اور قطر کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بھارت سے گہری وابستگی کو کیا یاد
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بات چیت کے دوران سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق امیر کو بھارت سے خصوصی لگاؤ تھا، وہ قطر میں مقیم بھارتی برادری سے بے حد محبت کرتے تھے اور بھارت-قطر تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سابق امیر کی میراث مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت دینے اور بھارت-قطر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔
74 برس کی عمر میں انتقال
قطر کے ’فادر امیر‘ کے نام سے معروف شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کا گزشتہ اتوار 74 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے احترام میں بھارت حکومت نے پیر کے روز ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا تھا، جس کے دوران راشٹرپتی بھون سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔
مودی نے’بھارت کا سچا دوست‘ بتایا
اس سے قبل منگل کو بھی وزیر اعظم مودی نے سابق امیر کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہیں ’دور اندیش رہنما‘ اور ’بھارت کا سچا دوست‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے قطر کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ فروری 2024 میں قطر کے دورے کے دوران انہیں سابق امیر سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا۔
کرن رجیجو نے دوحہ میں تعزیت پیش کی
مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور و اقلیتی امور کرن رجیجو بھی منگل کے روز دوحہ پہنچے، جہاں انہوں نے قطر کے موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کرکے حکومتِ ہند اور بھارتی عوام کی جانب سے تعزیت پیش کی۔ قطر میں بھارتی سفارت خانے کے مطابق، کرن رجیجو نے وزیر اعظم نریندر مودی کا ذاتی تعزیتی پیغام بھی قطر کے امیر تک پہنچایا اور سابق امیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
