نئی دہلی : خلیج فارس کے اہم سمندری راستے آبنائے ہرمز میں ہفتے کے روز بھارتی جہازوں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ ایک بھارتی آئل ٹینکر کی جانب سے بھیجی گئی ڈسٹرس کال سامنے آنے کے بعد معاملہ عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ وائرل آڈیو میں بھارتی پرچم والے ٹینکر “سنمار ہیرالڈ” کے کپتان کو گولی باری کے دوران جہاز واپس موڑنے کی درخواست کرتے سنا جا سکتا ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی آڈیو میں کپتان خوف زدہ لہجے میں کہتا ہے، “یہ موٹر ٹینکر سنمار ہیرالڈ ہے… آپ نے مجھے آگے بڑھنے کی اجازت دی تھی۔ میرا نام آپ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اب آپ فائرنگ کر رہے ہیں، مجھے واپس مڑنے دیں!” بتایا جا رہا ہے کہ یہ آڈیو ایک بین الاقوامی صحافی نے شیئر کی ہے، جس میں گولی باری کے دوران جہازوں کی واپسی کی صورتحال واضح طور پر سنی جا سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کی گن بوٹس نے دو بھارتی جہازوں کو نشانہ بنایا، جن میں آئل ٹینکر “سنمار ہیرالڈ” اور بلک کیریئر “جگ ارناو” شامل ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں جہاز ہرمز آبنائے عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک جہاز کو معمولی نقصان پہنچا اور کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اس واقعے کا اثر بھارتی جہازوں کے ایک بڑے قافلے پر بھی پڑا۔ مجموعی طور پر 14 بھارتی جہاز خام تیل، ایل پی جی اور کھاد لے کر بھارت کی طرف جا رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد 13 جہازوں کو مختلف مقامات پر رکنا یا واپس لوٹنا پڑا۔ سنمار ہیرالڈ، دیش ویبھو، دیش وبھور اور جگ ارنو جیسے جہاز چوک پوائنٹ کے قریب سے ہی واپس لوٹ گئے، جبکہ کچھ جہاز لارک جزیرےکے قریب اجازت کا انتظار کر رہے ہیں۔
واقعے کے بعد انڈیانے سخت ردعمل ظاہر کیا اور ایران کے سفیر محمد فتحلی کو طلب کیا۔ بھارتی خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے واقعے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے تجارتی جہازوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ بھارت نے ایران سے کہا ہے کہ بھارت آنے والے جہازوں کے لیے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے۔ایران نے جواب میں کہا کہ وہ بھارت کی تشویش متعلقہ حکام تک پہنچائے گا۔ اس دوران کچھ جہازوں کو آگے بڑھنے اور کچھ کو رکنے کے متضاد احکامات ملنے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔ تاہم ایک بھارتی جہاز “دیش گریما” آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب رہا اور اب بھارت کی جانب رواں دواں ہے۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی سپلائی کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی شپنگ انڈسٹری میں بھی تشویش بڑھ گئی ہے اور کئی بین الاقوامی جہاز بھی وارننگ کے بعد واپس لوٹ گئے ہیں۔
‘آپ نے ہمیں اجازت دی تھی، فائرنگ کیوں کر رہے ہیں، ہمیں واپس جانے دیں
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

