نئی دہلی: بھگوان مہاویر کی 2625ویں جینتی کے موقع پر دہلی اسمبلی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذہبی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کرتے ہوئے بھگوان مہاویر کی تعلیمات کو موجودہ دور کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ اس تقریب سے دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا، عالمی شہرت یافتہ جین آچاریہ اچاریہ لوکیش۔ اور پرمپر آچاریہ پرگیا ساگر نے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے جین برادری کو بھگوان مہاویر جینتی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھگوان مہاویر کی تعلیمات آج کے دور میں پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جین مذہب کے اصول جیسے اہنسا، سچائی اور تپسیا معاشرے میں بھائی چارے اور اخلاقی اقدار کو مضبوط کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہلی کی ثقافتی وراثت بھی اسی روحانیت اور ہم آہنگی کی بدولت مزید مستحکم ہوئی ہے۔
اس موقع پر اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ جین مذہب کے اصول ہمیں محبت اور امن کے ساتھ آگے بڑھنے کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھگوان مہاویر کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ ایک متوازن اور ترقی یافتہ معاشرہ قائم کیا جا سکے۔اہنسا وشو بھارتی اور وشو شانتی کیندر کے بانی آچاریہ لوکیش جی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھگوان مہاویر کے اہنسا اور انیکانت کے فلسفے سے جنگ سمیت دنیا کے مختلف مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جین سماج نے تعلیم، صحت، تجارت اور سماجی خدمت کے ذریعے ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں بھگوان مہاویر کا امن، کرُونا اور برداشت کا پیغام دنیا کی سمت بدل سکتا ہے۔
آچاریہ پرگیہ ساگر جی منی راج نے کہا کہ مہاویر جینتی صرف ایک تہوار نہیں بلکہ بھگوان مہاویر کے اہنسا، اپریگرہ اور انیکانت کے اصولوں کو اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “جیو اور جینے دو” کا پیغام آج کے دور میں انتہائی اہم ہے اور اس سے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ مل سکتا ہے۔تقریب کا انعقاد بھگوان مہاویر اہنسا بھارتی ٹرسٹ اور سکل جین سماج کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں دہلی اسمبلی کے نائب اسپیکر موہن سنگھ بسٹ سمیت سمیت جین سماج کی کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ تقریب کو کامیاب بنانے میں پنکج جین، منوج جین، پروین جین اور مہندر جین سمیت متعدد کارکنوں نے فعال کردار ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر بھگوان مہاویر کی تعلیمات پر عمل کرنے اور امن و بھائی چارے کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ شرکاء نے اس طرح کی تقریبات کو معاشرتی ہم آہنگی کے لیے اہم قرار دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




