نئی دہلی: حکمراں اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے ارکان پارلیمنٹ نے آسام، مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام بخوبی جانتی ہے کہ کون سی حکومت ترقی کر سکتی ہے، اسی لیے وہ این ڈی اے کو دوبارہ کامیاب بنائے گی۔ کنگنا رناوت نے انتخابی تاریخوں کے اعلان کے بعد کہا کہ بی جے پی یقیناً کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام کارکن پوری قوت کے ساتھ انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور ہر جگہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں نئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ہو رہا ہے اور عوام کو وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد رکھنا چاہیے۔ مہنگائی اور ایل پی جی بحران سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم پر بھروسہ رکھیں۔
اپوزیشن کے بہکاوے میں نہیں آئے گی عوام
کنگنا رناوت نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں آنے والی نہیں ہے۔ ان کے مطابق عوام کو این ڈی اے حکومت اور وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور اپوزیشن کو بھی عوامی مفاد میں سوچنا چاہیے۔ مرکزی وزیر سریش گوپی نے ایل پی جی سپلائی کے حوالے سے کہا کہ حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے متبادل اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کے بجائے عوام کے روزمرہ معاملات میں تعاون کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا کی صورتحال کے باعث کچھ مشکلات پیدا ہوئی ہیں اور عوام سے صبر اور بہتر نتائج کا انتظار کرنے کی اپیل کی۔
مغربی بنگال میں انتظامی فیصلوں پر بی جے پی کا حملہ
مرکزی وزیر سکانتا مجمدار نے مغربی بنگال کے انتخابی ماحول اور انتظامی فیصلوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تعریف کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ افسران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے، اس لیے انہیں ہٹانا ضروری تھا۔ انہوں نے ممتا بنرجی پر الزام لگایا کہ وہ انتظامی عہدوں کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ ان کے مطابق بی جے پی مغربی بنگال میں حکومت بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
مختلف ریاستوں میں این ڈی اے کی کامیابی کی امید
مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے کہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے ان ریاستوں میں یا تو اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے یا اپنے اتحادیوں کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے آسام اور پڈوچیری میں دوبارہ کامیابی کی امید ظاہر کی، جبکہ مغربی بنگال، تمل ناڈو اور کیرالہ میں بھی بہتر کارکردگی کی توقع ظاہر کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

