Bharat Express DD Free Dish

India-Finland Partnership: بھارت اور فن لینڈ کے درمیان 11 اہم معاہدے، تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ، وزیراعظم نے کیا خیرمقدم

صدر الیگزینڈر اسٹب نے وزیراعظم مودی کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فن لینڈ کا اہم شراکت دار ہے اور نیا یورپی یونین بھارت آزاد تجارتی معاہدہ تجارت، معیشت، سائنس اور جدت کے شعبوں میں نئے مواقع فراہم کرے گا۔ 

 

نئی دہلی: بھارت اور فن لینڈ نے جمعرات کو اپنے دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے انہیں ڈیجیٹلائزیشن اور پائیداری میں اسٹریٹجک شراکت داری کے درجے تک بلند کر دیا۔ یہ اعلان فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب کے سرکاری دورہ بھارت کے موقع پر کیا گیا، جہاں وہ 11 ویں رائزینا ڈائیلاگ میں مہمان خصوصی بھی تھے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مائیگریشن اینڈ موبیلیٹی پارٹنرشپ پر مفاہمت نامہ طے پایا، جس سے بھارتی پیشہ ور افراد خصوصاً ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں فن لینڈ جانے کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔ ماحولیاتی تعاون سے متعلق موجودہ مفاہمت نامے کی تجدید بھی کی گئی، جس کے تحت بایو انرجی، ویسٹ ٹو انرجی، گرین ہائیڈروجن، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور قابل تجدید توانائی جیسے ہوا، شمسی اور چھوٹے ہائیڈرو پاور منصوبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ سرکاری شماریات کے میدان میں بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے بھی ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کیے گئے۔

تجارت اور نئی ٹیکنالوجی پر توجہ

دونوں ممالک نے 2030 تک دو طرفہ تجارت کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا، جس میں حالیہ یورپی یونین بھارت آزاد تجارتی معاہدے سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ، 6 جی پر مشترکہ ٹاسک فورس اور انڈو فن لینڈ اسٹارٹ اپ کاریڈور کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک 2026 میں ورلڈ سرکولر اکانومی فورم کی مشترکہ میزبانی کریں گے اور وزرائے خارجہ کی سطح پر قونصلر ڈائیلاگ بھی شروع کیا جائے گا۔

وزیراعظم مودی کا بیان

وزیراعظم نریندر مودی  نے صدر اسٹب سے ملاقات کے بعد کہا کہ بات چیت تجارت، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچہ، دفاع، خلائی تعاون، مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹر، تعلیم اور نقل و حرکت سمیت کئی شعبوں پر محیط رہی۔ انہوں نے کہا کہ مائیگریشن اور موبیلیٹی معاہدہ شراکت داری کو نئی رفتار دے گا اور آرکٹک و قطبی تحقیق میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔ وزارت خارجہ نے بھی بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن، صاف توانائی، سرکولر اکانومی، سیمی کنڈکٹر، اہم معدنیات، تعلیم، جدت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ عہد دہرایا۔

صدر اسٹب کا اظہار تشکر

صدر الیگزینڈر اسٹب نے وزیراعظم مودی کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فن لینڈ کا اہم شراکت دار ہے اور نیا یورپی یونین بھارت آزاد تجارتی معاہدہ تجارت، معیشت، سائنس اور جدت کے شعبوں میں نئے مواقع فراہم کرے گا۔ یہ دورہ اور طے پانے والے معاہدے بھارت فن لینڈ تعلقات کے لیے ایک جامع اسٹریٹجک وژن کی عکاسی کرتے ہیں، جس میں آئندہ دہائی کے دوران تجارت، ہنرمند افراد کی نقل و حرکت اور مشترکہ تحقیق کو وسعت دینے کا واضح خاکہ پیش کیا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read