Bharat Express DD Free Dish

Meerut Fire Tragedy: نیچے آگ، اوپر دھواں: نماز پڑھنے گئے مرد، گھر میں آگ بھڑک اٹھی، میرٹھ میں جڑواں بچیوں سمیت 6 افراد ہلاک

پیر کی رات میرٹھ کے قدوئی نگر علاقے کے لیے ایک ’’سیاہ رات‘‘ ثابت ہوئی۔ کپڑے کے تاجر اقبال کے گھر کے مرد افراد مسجد میں نماز ادا کرنے گئے ہوئے تھے کہ اسی دوران گھر کے گراؤنڈ فلور پر قائم کپڑوں کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ دم گھٹنے اور جھلسنے سے 6 ماہ کی دو جڑواں بچیوں سمیت پانچ معصوم بچوں اور ایک خاتون کی موت ہوگئی۔

پیر کی رات میرٹھ کے تھانہ لیساڑی گیٹ علاقے کے قدوئی نگر میں ایک ایسا دلخراش حادثہ پیش آیا جس نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ ایک کپڑا تاجر کے تین منزلہ مکان میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ اس آتشزدگی کے واقعے میں جھلسنے اور دم گھٹنے سے خاندان کے پانچ معصوم بچوں اور ایک خاتون سمیت کل چھ افراد کی دردناک موت ہوگئی۔ حادثے کے وقت گھر کے تمام مرد نماز ادا کرنے کے لیے مسجد گئے ہوئے تھے، جس کے باعث خواتین اور بچے گھر کے اندر ہی پھنس گئے۔

آگ کیسے بھڑکی اور راستہ کیوں بند ہوگیا؟

اطلاعات کے مطابق قدوئی نگر کی گلی نمبر 2 میں کپڑا تاجر اقبال کا تین منزلہ مکان ہے۔ مکان کے گراؤنڈ فلور پر کپڑوں کا گودام قائم تھا، جبکہ اوپر کی دونوں منزلوں پر اقبال کی اہلیہ بانو اور ان کے پانچ بیٹے — فاروق، ڈاکٹر ارشاد، رضوان، عاصم اور صدام — اپنے اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہتے تھے۔

رات تقریباً 9 بجے گراؤنڈ فلور میں واقع کپڑوں کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی۔ کپڑوں کے ذخیرے نے فوراً آگ پکڑ لی اور چند ہی منٹوں میں پورے مکان میں زہریلا دھواں بھر گیا۔ آگ کے شعلوں نے سیڑھیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث اوپر موجود افراد کے نیچے اترنے کا راستہ مکمل طور پر بند ہوگیا۔

6 ماہ کی جڑواں بچیوں سمیت 6 افراد دم توڑ گئے

چیخ و پکار سن کر محلے والوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ سامنے رہنے والے پڑوسی ادریس کے مکان کی چھت سے سیڑھیاں لگا کر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی گئی۔ تمام زخمیوں کو ہاپوڑ روڈ واقع راجدھانی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ ڈاکٹروں نے 30 سالہ رخسار (عاصم کی اہلیہ)، عاصم کے 3 سالہ بیٹے، 6 ماہ کی جڑواں بچیوں نبیہ اور عنایت، فاروق کی 12 سالہ بیٹی مہوش اور 4 سالہ بیٹے حماد کو مردہ قرار دے دیا۔ اقبال کی اہلیہ بانو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک رشتہ دار شہزاد بھی جھلس کر زخمی ہوگیا۔

شارٹ سرکٹ سے لگی آگ

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور تقریباً دو گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ رات کے وقت ہی ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر وی کے سنگھ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اویناش پانڈے جائے حادثہ پر پہنچے۔ میرٹھ کے ڈی ایم ڈاکٹر وی کے سنگھ کے مطابق ابتدائی جانچ میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ سمجھی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندان کو فوری سرکاری مالی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔لیکن یہ مالی امداد کتنی اور کب دی دی جائے گی، اس جانکاری نہیں دی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read