Urdu Conclave 2026

Amit Shah congratulates Sunetra Pawar: مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کو امت شاہ سمیت کئی لیڈران نے دی مبارکباد

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) قانون ساز پارٹی کی لیڈر اور آنجہانی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔

نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) قانون ساز پارٹی کی لیڈر اور آنجہانی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ ان کے اس عہدے پر فائز ہونے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت کئی سرکردہ سیاسی لیڈران نے انہیں مبارکباد دی ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر سنیترا پوار کو دلی مبارکباد۔ آآنجہانی اجیت پوار اپنی پوری زندگی کسانوں کی فلاح، خواتین کے بااختیار بنانے اور سماج کے ہر طبقے کی ترقی کے لیے وقف رہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ ان کے کاموں کو آگے بڑھاتے ہوئے مہاراشٹر کی ترقی کو نئی رفتار دیں گی۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ سنیترا پوار کو مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پوری لگن سے کام کریں گی اور آنجہانی اجیت پوار کے عوامی خدمت کے نظریے کو آگے بڑھائیں گی۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ حالات یقیناً مشکل ہیں، لیکن سنیترا پوار نے مہاراشٹر کے مفاد میں جو فیصلہ لیا ہے، وہ نہایت حوصلہ مندانہ اور قابلِ ستائش ہے۔ ان کا یہ قدم ان کی وابستگی اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مبارکباد دینے کا موقع نہیں ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ اجیت دادا کی وراثت کو بخوبی آگے بڑھائیں گی۔ ریاست کو اپنی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ ملی ہے اور مجھے پورا اعتماد ہے کہ ان کا دورِ کار کامیاب ہوگا۔ بی جے پی اور مہایوتی حکومت اس مشکل گھڑی میں اجیت پوار کے خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر سنیترا اجیت پوار کو دلی مبارکباد۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی قیادت میں این ڈی اے حکومت کی کوششیں ریاست کی ترقی اور استحکام کو مزید مضبوط کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی اجیت دادا پوار کی عوامی زندگی ہمیشہ عوامی فلاح کے لیے وقف رہی اور مجھے یقین ہے کہ آپ ان کے عزائم کو آگے بڑھاتے ہوئے ریاست کو خوشحالی اور استحکام کی جانب لے جائیں گی۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read