وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار (18 جنوری) کو آسام کے ناگاؤں ضلع میں 6,957 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کازی رنگا ایلیویٹڈ کوریڈور منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا اور ڈیجیٹل طور پر دو امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ آسام کے دو روزہ دورے کے آخری مرحلے میں گوہاٹی سے ناگاؤں پہنچے وزیر اعظم نے کازی رنگا منصوبے کی ’بھومی پوجن‘ تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کازی رنگا ایلیویٹڈ کوریڈور کے ماڈل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈبروگڑھ-گومتی نگر (لکھنؤ) اور کاماکھیا-روہتک کے درمیان چلنے والی دو امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی ڈیجیٹل ذریعے سے روانہ کیا۔ حکام کے مطابق یہ ٹرینیں آسام کو مغربی بنگال، بہار، اتر پردیش، دہلی اور ہریانہ جیسے ریاستوں سے جوڑیں گی، جس سے طویل فاصلے کے سفر میں بہتری آئے گی، وقت کی بچت ہوگی اور مسافروں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ شمال مشرقی بھارت کا سب سے بڑا درد ہمیشہ فاصلے کا رہا ہے، فاصلے دلوں کے بھی اورعلاقوں کے بھی۔ دہائیوں تک یہاں کے لوگوں کو محسوس ہوتا رہا کہ ملک کی ترقی کہیں اور ہو رہی ہے اور وہ پیچھے رہ گئے ہیں۔ اس کا اثر صرف معیشت پر نہیں بلکہ عوام کے اعتماد پر بھی پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک، ریل، ہوائی اور آبی راستوں کے ذریعے آسام کو جوڑنے کا کام ان کی حکومت نے بیک وقت شروع کیا، جبکہ کانگریس نے کبھی اس پرسنجیدگی سے توجہ نہیں دی۔وزیر اعظم نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے دورحکومت میں آسام کو بہت کم ریل بجٹ ملتا تھا، جو تقریباً 2 ہزار کروڑ روپے سالانہ تھا، جب کہ بی جے پی حکومت نے اسے بڑھا کر تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے سالانہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا ووٹر اچھی حکمرانی اور ترقی چاہتا ہے، اسی لیے وہ بی جے پی پر اعتماد کرتا ہے۔
Speaking at the launch of development works in Kaliabor aimed at improving Assam’s connectivity and protecting the region’s biodiversity.
https://t.co/lZcydC0SLn— Narendra Modi (@narendramodi) January 18, 2026
کازی رنگا میں جنگلی حیات کے تحفظ پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں یہاں سیاحوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، جس سے ہوم اسٹے، گائیڈ سروس، ٹرانسپورٹ، دستکاری اور چھوٹے کاروبار کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایک وقت تھا جب کازی رنگا میں ایک سینگ والے گینڈوں کے شکار کے واقعات سب سے بڑی تشویش بن چکے تھے۔ 2013-2014 میں درجنوں گینڈے مارے گئے، لیکن بی جے پی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی اس پر سختی سے قابو پایا اور سیکیورٹی نظام کو مضبوط کیا۔
بی ایم سی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کانگریس کی منفی سیاست کو مسلسل مسترد کر رہا ہے۔ جس ممبئی شہر میں کانگریس کی بنیاد پڑی تھی، وہاں آج وہ چوتھے یا پانچویں نمبر کی جماعت بن کر رہ گئی ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کازی رنگا میں گزارے گئے لمحات ان کی زندگی کے خاص تجربات میں شامل ہیں۔ انہیں یہاں نیشنل پارک میں رات گزارنے اور اگلی صبح ہاتھی سفاری کے دوران قدرتی حسن کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آسام کی سرزمین انہیں ہمیشہ ایک خاص خوشی دیتی ہے، یہ بہادروں اور باصلاحیت نوجوانوں کی سرزمین ہے جو ہر میدان میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




