نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کے روز سابق وزیراعظم اور بھارت رتن چودھری چرن سنگھ کی جینتی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے زرعی شعبے کی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور سماج کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے چودھری چرن سنگھ کی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ قوم ان کی قربانیوں اور جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’سابق وزیراعظم اور بھارت رتن چودھری چرن سنگھ کو ان کی جینتی پر خراجِ عقیدت۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی زرعی ترقی، کسانوں کی خوشحالی اور سماج کے کمزور طبقات کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ قوم کی تعمیر میں ان کے کردار کو ملک ہمیشہ یاد رکھے گا‘‘۔
पूर्व प्रधानमंत्री भारत रत्न चौधरी चरण सिंह जी को उनकी जयंती पर आदरपूर्ण श्रद्धांजलि। उन्होंने समाज के वंचित वर्गों के कल्याण के साथ-साथ कृषि की प्रगति और किसानों की समृद्धि के लिए अपना जीवन समर्पित कर दिया। राष्ट्र निर्माण में उनके योगदान को कृतज्ञ राष्ट्र कभी भुला नहीं सकता। pic.twitter.com/naGrTf5mVM
— Narendra Modi (@narendramodi) December 23, 2025
اس موقع پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ چودھری چرن سنگھ نے خاص طور پر چھوٹے اور متوسط کسانوں کے لیے جو کام کیے، وہ ہندوستانی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’چودھری صاحب سے تحریک لے کر ہماری حکومت مسلسل کسانوں کو مضبوط بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔ ہم کھیتی کو ایک نئے راستے پر لے جانے کے لیے کسانوں کو سہولت، مدد اور حوصلہ فراہم کر رہے ہیں۔ قدرتی کھیتی اور ملٹس کو فروغ دینے کے پیچھے بھی یہی سوچ کارفرما ہے‘‘۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چودھری چرن سنگھ اتر پردیش کی دھرتی کے عظیم سپوت تھے اور ان کا احترام دراصل ملک کے کروڑوں کسانوں اور مزدوروں کا احترام ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ موجودہ حکومت بھی کسانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ان کی آمدنی بڑھانے اور زرعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ چودھری چرن سنگھ کی پیدائش 23 دسمبر 1902 کو اتر پردیش کے ضلع میرٹھ کے نورپور گاؤں میں ایک متوسط کسان خاندان میں ہوئی تھی۔ وہ بھارت کے پانچویں وزیراعظم رہے اور اپنی سادگی، اصول پسندی اور کسان دوست پالیسیوں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی کسانوں کے حقوق اور دیہی ترقی کے لیے جدوجہد میں صرف کی۔
اتر پردیش میں زمین اصلاحات کا بڑا سہرا بھی چودھری چرن سنگھ کے سر جاتا ہے۔ دیہی مقروضوں کو راحت فراہم کرنے کے لیے محکمانہ قرض معافی بل 1939 کی تیاری اور تکمیل میں ان کا اہم کردار رہا۔ ان کی ہی پہل پر وزیروں کی تنخواہوں اور مراعات میں نمایاں کمی کی گئی۔ وزیراعلیٰ کے طور پر انہوں نے جوت ایکٹ 1960 کو نافذ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کا مقصد زمین رکھنے کی زیادہ سے زیادہ حد کو کم کرکے ریاست بھر میں یکساں نظام قائم کرنا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




