بھارتی کپتان شبمن گِل۔
ممبئی: بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز ہفتہ سے ہوگا، جس کے لیے بھارتی کپتان شبمن گِل بدھ کو ٹیم کے ساتھ گوہاٹی روانہ ہوں گے۔ حالانکہ، سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں گِل کی شرکت پر ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
کولکتہ ٹیسٹ کے دوسرے دن گردن میں لگی تھی چوٹ
بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ’’ٹیم انڈیا کے کپتان شبمن گِل کو جنوبی افریقہ کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ کے دوسرے دن گردن میں چوٹ لگی تھی۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد انہیں معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں نگرانی میں رکھا گیا اور اگلے روز فارغ کر دیا گیا۔ شبمن کو دی گئی طبی دیکھ بھال کا اچھا اثر ہو رہا ہے۔ وہ 19 نومبر کو ٹیم کے ساتھ گوہاٹی جائیں گے۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان پر مسلسل نظر رکھے گی اور دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ اسی بنیاد پر کیا جائے گا۔‘‘
گردن میں تکلیف ہونے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے گِل
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن بیٹنگ کے دوران گِل زخمی ہو گئے تھے۔ بھارتی اننگز کے 35ویں اوور میں جنوبی افریقی آف اسپنر سائمن ہارمر کی گیند پر چوکا لگانے کے بعد گِل کو گردن میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے بعد انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔ اس کے بعد وہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اتر سکے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد گِل کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی گردن پر سروائیکل کالر لگا ہوا تھا۔
دو میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 1-0 کی برتری
تیسرے دن کے آغاز سے پہلے بی سی سی آئی نے اعلان کر دیا تھا کہ کپتان گِل میچ کے بقیہ حصے سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں بھارتی ٹیم کو 30 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ اب سیریز برابر کرنے کے لیے ٹیم انڈیا کو گوہاٹی ٹیسٹ جیتنا ضروری ہوگا۔
اس سے قبل اکتوبر 2024 میں بھی گِل گردن میں کھنچاؤ (stiffness) کی مشکل سے دوچار رہے تھے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سے پہلے انہیں یہ مسئلہ درپیش ہوا تھا، جس کی وجہ سے وہ میچ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔ اسی تکلیف کے باعث جولائی 2024 میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں بھی وہ نہیں کھیل پائے تھے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



