Urdu Conclave 2026

The protest against the Waqf Act has been postponed: رام لیلا میدان میں وقف ایکٹ کے خلاف مجوزہ احتجاج ملتوی، دہلی حکومت نے نہیں دی اجازت، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا سخت اعتراض

16 نومبر کو ہونے والے احتجاج کی تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں۔ ہزاروں شرکا کی آمد متوقع تھی مگر دہلی میونسپل کارپوریشن نے پروگرام سے صرف آٹھ روز قبل اجازت منسوخ کردی۔

دہلی: وقف ایکٹ میں مجوزہ ترمیمات کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے 16 نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کیے جانے والے احتجاجی جلسے کو اچانک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے یہ کہتے ہوئے پروگرام کی اجازت واپس لے لی کہ اسی روز رام لیلا میدان دہلی حکومت کے ایک سرکاری پروگرام کے لیے مختص ہے۔

آخری وقت میں اجازت منسوخ کرنے کا فیصلہ قابل افسوس

بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اس فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ قبل جب اجازت فراہم کی گئی تھی، تو آخر آخری وقت میں اسے واپس لینے کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف انتظامی سطح پر غیر مناسب ہے بلکہ اخلاقی لحاظ سے بھی غلط اور غیرمنصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہلی حکومت کے پاس کوئی سرکاری پروگرام تھا تو یا تو اسے آگے بڑھایا جاتا یا بورڈ کو کوئی دوسرا متبادل مقام فراہم کیا جاتا۔

ہزاروں افراد کی سفری اور مالی تیاری متاثر

ڈاکٹر الیاس کے مطابق اس احتجاجی جلسے کی تشہیر ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کی جا چکی تھی۔ مختلف ریاستوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے دہلی آنے کے لیے ٹرین اور ہوائی جہاز کے ٹکٹس بک کرائے ہوئے تھے جبکہ مغربی اتر پردیش اور ہریانہ سے سینکڑوں بسوں کی بکنگ بھی ہو چکی تھی۔ اجازت منسوخ ہونے سے شرکا کو مالی اور ذہنی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

حکومت عوامی حمایت سے خائف ہے: بورڈ

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ وقف ایکٹ میں ترمیمات کے خلاف اس تحریک کو مل رہے عوامی حمایت اور بڑھتی یکجہتی سے حکومت پریشان ہوگئی ہے اور اسی پریشانی کے نتیجے میں اس پروگرام کو روکا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ حکومت کے کسی دباؤ میں آنے والا نہیں۔

رواں تحریک جاری رہے گی

بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ یہ احتجاجی پروگرام رمضان کے بعد دوبارہ دہلی میں ہی منعقد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مایوس نہ ہوں، تازہ رہنمائی اور اعلانات کے لیے رابطے میں رہیں اور اتحاد و حوصلہ برقرار رکھیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read