Bharat Express DD Free Dish

EktaDiwasBharat: سردار پٹیل کی 150ویں یوم پیدائش پر خصوصی تقریبات، ثقافتی پروگرام کا انعقاد، پی ایم مودی اس ویژن کو بڑھا رہے ہیں آگے

پریڈ کے ساتھ ساتھ وزارتِ ثقافت کے زیرِ اہتمام تقریباً 900 فنکار بھارتی کلاسیکی رقص پیش کریں گے، جو ملک کی ثقافتی رنگارنگی اور یکجہتی کی علامت ہوگا۔

سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یومِ پیدائش کے موقع پر قومی یکجہتی دن (National Unity Day) اس سال غیر معمولی انداز میں منایا جائے گا۔ قومی یکجہتی دن ہر سال 31 اکتوبر کو منایا جاتا ہے، جو ملک کی وحدت، سالمیت اور اتحاد کی علامت ہے۔ اس سال کے خصوصی پروگرام کا انعقاد گجرات کے نرمدہ ضلع میں واقع ایکتا نگر میں کیا جائے گا، جہاں ایک شاندار پریڈ اور ثقافتی تقاریب کا اہتمام ہوگا۔ یہ موقع سردار پٹیل کی اُس تاریخی خدمات کو یاد کرنے کا ہے جنہوں نے آزادی کے بعد 562ریاستوں کو متحد کر کے جدید بھارت کی بنیاد رکھی۔ اسی لیے سردار پٹیل کو “قومی یکجہتی کے معمار” اور “بھارت کے لوہے کے مرد” کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ہمارا تنوع ہندوستان کی روح ہے، اور سردار پٹیل نے اسے اتحاد میں بُنایا۔ وزیر اعظم مودی اس ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ان کی 150 ویں سالگرہ منائیں، رن فار یونٹی میں شامل ہوں، اور ایک بھارت، شریشٹھا بھارت کے جذبے کو مضبوط کریں۔

پریڈ کی نمایاں خصوصیات

پریڈ میں مرکزی مسلح پولیس فورسز (CAPFs) اور مختلف ریاستوں کی پولیس فورسز اپنی مہارت، نظم و ضبط اور بہادری کا مظاہرہ کریں گی۔ اس میں بارڈر سیکورٹی فورس (BSF)، سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی کے علاوہ آسام، اڈیشہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، پنجاب، جموں و کشمیر، کیرالہ اور آندھرا پردیش کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔ پریڈ میں پہلی بار گھڑسوار دستے، اونٹ سوار دستے اور دیسی نسل کے تربیت یافتہ کتوں کے اسکواڈ شامل ہوں گے۔ خواتین افسران اور اہلکاروں کی شمولیت پر بھی خصوصی زور دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کو دیے جانے والے “گارڈ آف آنر” کی قیادت ایک خاتون افسر کریں گی۔

سی آئی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی خواتین اہلکار اپنے فنِ مارشل آرٹس  کےمظاہرے پیش کریں گی۔ پریڈ کا ایک اہم حصہ BSF کے دیسی نسل کے کتوں، گجرات پولیس کے گھڑسوار دستے، آسام پولیس کے موٹرسائیکل شو اور BSF کے اونٹ بینڈ پر مشتمل ہوگا۔ حال ہی میں پولیس ڈاگ چیمپئن شپ میں اوّل آنے والی “مودھول ہاؤنڈ” نسل کی کتیا “ریا” اس سال کے ڈاگ اسکواڈ کی قیادت کرے گی۔

“ایکتا میں شکتی” — اتحاد میں طاقت کا پیغام

نیشنل کیڈٹ کور (NCC) کے طلبہ اور اسکول بینڈز اپنے مظاہروں سے “ایکتا میں شکتی” کا پیغام دیں گے۔ بھارتی فضائیہ کی “سوریا کرن” ٹیم ایک شاندار فضائی شو پیش کرے گی۔ اس موقع پر مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی جھانکیاں “تنوع میں اتحاد” کے موضوع کو اجاگر کریں گی۔ ان میں گجرات، جموں و کشمیر، منی پور، مہاراشٹر، چھتیس گڑھ، اترکھنڈ، انڈمان نکوبار اور پڈوچیری شامل ہیں۔

ثقافتی پروگرام اور بھارت پَرو

پریڈ کے ساتھ ساتھ وزارتِ ثقافت کے زیرِ اہتمام تقریباً 900 فنکار بھارتی کلاسیکی رقص پیش کریں گے، جو ملک کی ثقافتی رنگارنگی اور یکجہتی کی علامت ہوگا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ  1 تا 15 نومبر 2025 تک ایکتا نگر میں “بھارت پَرو” کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مختلف ریاستوں کے ثقافتی مظاہرے اور ذائقوں سے بھرپور فوڈ فیسٹیول شامل ہوگا۔ اس فیسٹیول کا اختتام 15 نومبر کو بھگوان بیرسا منڈا کی یومِ پیدائش سے منسلک خصوصی پروگراموں سے ہوگا، جن میں قبائلی برادریوں کی شاندار ثقافت کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ قومی یکجہتی دن کا مقصد ملک میں اتحاد، ہم آہنگی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا اور شہریوں کو ان اقدار کو اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔ تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس عظیم الشان قومی تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read