Bharat Express DD Free Dish

Rare earth material crucial for India: ’حقیقی طاقت‘ بننے کی راہ پر ہندوستان، ’نایاب معدنیات دفاع، خلا اور طب کے شعبوں میں نہایت اہم‘:راجناتھ سنگھ

وزیردفاع نے کہا کہ دنیا کے چند ہی ممالک ان معدنیات کو صاف کر کے اعلیٰ درجے کی مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جب بھارت یہ صلاحیت حاصل کر لے گا تو وہ ’’حقیقی طاقت‘‘ بن جائے گا۔

لکھنؤ: وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ نایاب معدنیات (Rare Earth Materials) بھارت کے لیے نہایت اہم ہیں کیونکہ ان کا استعمال دفاع، خلائی تحقیق اور طبی سازوسامان میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے چند ہی ممالک ان معدنیات کو صاف کر کے اعلیٰ درجے کی مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جب بھارت یہ صلاحیت حاصل کر لے گا تو وہ ’’حقیقی طاقت‘‘ بن جائے گا۔

ٹائٹینیم اور سپر الائے مٹیریل پلانٹ کا افتتاح

راجناتھ سنگھ نے لکھنؤ میں Strategic Materials Technology Complex میں قائم ٹائٹینیم اور سپر الائے مٹیریل پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا: ’’یہی وہ نایاب معدنیات ہیں جو دفاع، خلا، الیکٹرانکس اور طبی آلات میں استعمال ہوتی ہیں۔ دنیا کے صرف چند ممالک کے پاس انہیں صاف کر کے اعلیٰ مصنوعات بنانے کی صلاحیت ہے۔ جب ہم اپنی ضرورت کے مواد، پرزے، چپ اور مرکبات خود تیار کریں گے، تب ہمیں حقیقی طاقت حاصل ہوگی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس نئے پلانٹ کے قیام سے بھارت ان چند ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا جو اپنی دفاعی اور خلائی ضروریات کے لیے اہم ترین مٹیریل خود تیار کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

 برہموس ایروسپیس پروڈکشن یونٹ کا دورہ

بعد ازاں وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے یوپی کے لکھنؤ میں برہموس ایروسپیس پروڈکشن یونٹ کا دورہ کیا، جہاں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیراعلیٰ برجیش پاٹھک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مقامی طور پر تیار کردہ برہموس میزائلوں کی پہلی کھیپ کو فلیگ آف کیا۔ راجناتھ سنگھ نے اس موقع پر کہا: ’’لکھنؤ میں تیار ہونے والے برہموس میزائلوں کی پہلی کھیپ کی روانگی بھارت کی بڑھتی ہوئی خود اعتمادی اور طاقت کی علامت ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ یہ پروڈکشن یونٹ سالانہ 100 برہموس میزائل تیار کرے گا، جو بھارتی فوج اور بحریہ کو فراہم کیے جائیں گے۔

اب  برہموس میزائل تیار کرے گا لکھنؤ

وزیرِ دفاع نے کہا: ’’مجھے یقین ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ برہموس کے ساتھ لکھنؤ کی ساکھ بھی بڑھی ہے۔ یہ منصوبہ ملک کی بڑھتی ہوئی خود اعتمادی اور قوت کی علامت ہے۔ یوپی ڈیفنس کوریڈور کے چھ مراکز میں سے ایک لکھنؤ ہے۔ کیا چند برس قبل کوئی سوچ سکتا تھا کہ لکھنؤ ملک کے سب سے جدید میزائل تیار کرے گا؟ یہ خواب اب حقیقت بن چکا ہے۔‘‘

’سپلائی چین کی رکاوٹوں پر قابو پارہا ہے بھارت‘

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت اب ان چیلنجز پر قابو پا رہا ہے جو پرزوں کی سپلائی چین میں رکاوٹ کی وجہ سے پیدا ہوئے تھے۔ جنہیں بعض سپلائر ممالک نے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ برہموس کی یہ فیکٹری تقریباً 200 ایکڑ پر پھیلی ہے، جس پر 380 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور یہ سینکڑوں لوگوں کو روزگار فراہم کرے گی۔ وزیر دفاع نے کہا ’’برہموس ہماری افواج کی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔ یہاں سے ہر سال تقریباً 100 میزائل تیار کر کے فوج، بحریہ اور فضائیہ کو فراہم کیے جائیں گے۔ سپلائی چین میں خلل اب ہمارے لیے رکاوٹ نہیں، بلکہ ہم اسے موقع میں تبدیل کر رہے ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read