عام آدمی پارٹی کے دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھردواج
نئی دہلی: دہلی میں پرانی گاڑیوں پر پابندی کو لے کر ایک بار پھر سیاست گرم ہو گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھردواج نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دہلی کی بی جے پی حکومت نے نہ صرف دہلی بلکہ آس پاس کے شہروں میں بھی لاکھوں گاڑیوں کے مالکان کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
بی جے پی حکومت نے سی اے کیو کو لکھا تھا خط
سوربھ بھردواج نے کہا کہ دہلی کی بی جے پی حکومت نے سی اے کیو ایم (ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن) کو خط لکھ کر اتر پردیش اور ہریانہ کے نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام، فرید آباد اور سونی پت جیسے شہروں میں پرانی گاڑیوں پر پابندی لگانے کی سفارش کی تھی، جسے اب مان لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی دہلی کے لوگوں سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔ بی جے پی حکومت کے وزیر منجندر سنگھ سرسا نے یکم مارچ کو اعلان کیا تھا کہ 30 مارچ سے پرانی گاڑیوں کو پٹرول نہیں ملے گا۔ لیکن نامکمل تیاریوں کی وجہ سے اس تاریخ کو بڑھا کر 30 جون کر دیا گیا۔ اس کے بعد جب عوامی احتجاج تیز ہوا تو حکومت نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ عدالت اور سی اے کیو ایم کا ہے۔
عآپ نے بی جے پی پر دوہری پالیسی کا لگایا الزام
عآپ لیڈر نے اسے جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی اے کیو ایم کا خط 23 اپریل کو آیا تھا، جب کہ بی جے پی کے وزیر نے بیان یکم مارچ کو ہی دے دیا تھا۔ بی جے پی پر دوہری پالیسی اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی عوام کو بتا رہی ہے کہ پرانی گاڑیاں آلودگی کے لیے ذمہ دار نہیں ہیں۔ دوسری جانب سی اے کیو ایم کو لکھے گئے خط میں ان گاڑیوں کو بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ یہی نہیں، بی جے پی کی طرف سے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر تک یہ کہہ چکے ہیں کہ لوگوں کو اپنی پرانی گاڑیوں سے جذباتی لگاؤ ہوتا ہے۔
بی جے پی کی نیت میں کھوٹ ہے: سوربھ بھردواج
سوربھ بھردواج نے الزام لگایا کہ یہ پورا فیصلہ بی جے پی اور کار بنانے والی کمپنیوں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً دو کروڑ گاڑیوں کے مالکان پر نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاکہ گاڑی کمپنیوں کو فائدہ ہو۔ پہلے اس فیصلے سے دہلی کی 62 لاکھ گاڑیاں متاثر ہو رہی تھیں، لیکن اب بی جے پی کی سفارش پر پڑوسی ریاستوں کے دو کروڑ سے زیادہ گاڑی مالکان بھی اس کے زد میں آ گئے ہیں۔ اسے مفاد عامہ کے خلاف قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی نیت میں کھوٹ ہے اور یہ سب کچھ کار کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

