Bharat Express DD Free Dish

PAC to discuss Air India crash tomorrow: پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کل ایئر انڈیا AI-171 حادثے پر کرے گی غور، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ افسران طلب

سول ایوی ایشن سکریٹری اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے نمائندگان کو پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ تاہم میٹنگ کا اصل مرکز توجہ ہوائی اڈوں پر عوامی بنیادی ڈھانچے اور خدمات کے لیے مسافروں سے لیے جانے والے مختلف چارجز، فیسیں، اور ٹیرف کے تعین اور ضابطہ کاری پر ہوگا، ساتھ ہی پروازوں کی سلامتی پر بھی بات ہوگی۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کی ایک اہم میٹنگ منگل کو ہونے جا رہی ہے، جس میں سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام، بشمول سول ایوی ایشن سکریٹری اور ڈی جی سی اے (DGCA)، کو طلب کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں حالیہ ایئر انڈیا فلائٹ AI-171 کے حادثے کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن سیفٹی سے متعلق خدشات پر بھی بحث متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، سول ایوی ایشن سکریٹری اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے نمائندگان کو پیش ہونے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ تاہم میٹنگ کا اصل مرکز توجہ ہوائی اڈوں پر عوامی بنیادی ڈھانچے اور خدمات کے لیے مسافروں سے لیے جانے والے مختلف چارجز، فیسیں، اور ٹیرف کے تعین اور ضابطہ کاری پر ہوگا، ساتھ ہی پروازوں کی سلامتی پر بھی بات ہوگی۔

AI-171  حادثے کی تفصیلات

بتایا گیا ہے کہ 12 جون 2025 کو احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فوراً بعد ایئر انڈیا کی لندن جانے والی بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر پرواز AI-171 ایک ہاسٹل عمارت سے ٹکرا گئی، جو BJ میڈیکل کالج سے منسلک تھی۔ اس خوفناک حادثے میں 242 میں سے 241 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی شامل تھے۔ معجزاتی طور پر اس حادثے میں ایک شخص نے موت کو مات دے دیا اور جائے حادثہ سے بحفاظت نکل آیا۔

تحقیقات اور اقدامات

حادثے کے بعد وزارت شہری ہوا بازی نے طیارہ حادثہ تحقیقاتی بیورو (AAIB) کو مکمل تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔ بیورو نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس لیبارٹری میں تحقیقات شروع کی ہیں۔ وزارت کے مطابق، طیارے کے بلیک باکس سے “کریش پروٹیکشن ماڈیول” بازیاب کر کے 25 جون تک اس کا ڈیٹا کامیابی سے ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے ایک ’گولڈن چیسیس‘ (مشابہ بلیک باکس) کا استعمال کر کے ڈیٹا کی تصدیق کی ہے۔

بین الاقوامی ماہرین کی شمولیت

تحقیقات کے لیے ٹیم میں بھارتی فضائیہ، ہندستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL)، اور امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کے ماہرین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بوئنگ، GE، ایوی ایشن میڈیسن، اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے وابستہ ماہرین بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ تحقیقات بین الاقوامی سول ایوی ایشن تنظیم (ICAO) کے ضابطہ Annex 13 اور ہندستان کے طیارہ حادثات و واقعات کی تحقیقات سے متعلق قوانین 2017 کے تحت کی جا رہی ہیں۔

لاشوں کی شناخت مکمل

احمدآباد سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راکیش جوشی نے بتایا کہ تمام 260 ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے اور اہل خانہ کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ ان میں سے 254 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی گئی، جب کہ 6 کی شناخت چہرے کی پہچان سے ہوئی۔ کل اموات میں 241 مسافر اور 19 غیر مسافر شامل تھے۔

بھارت میں پہلی بار بلیک باکس ڈیٹا کی ڈی کوڈنگ

حکام کے مطابق، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ بھارت میں ہی بلیک باکس کا ڈیٹا کامیابی سے ڈی کوڈ کیا گیا ہے، جسے ملک کی ہوابازی میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ PAC  کی آئندہ میٹنگ میں ان تمام پہلوؤں پر سوالات اٹھنے کی توقع ہے، اور یہ ایوی ایشن سیفٹی کے مستقبل کے لیے ایک اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read