صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو یکم جولائی کو اترپردیش کے شہر گورکھپور میں قائم مہایوگی گرو گورکھ ناتھ آیوش یونیورسٹی کا افتتاح کریں گی۔ اس بات کی اطلاع ریاستی حکومت کے ایک سرکاری بیان میں دی گئی ہے۔ یہ یونیورسٹی آیوروید، یونانی اور ہومیوپیتھی کالجوں کو ایک مشترکہ ریگولیٹری دائرے میں لانے کی طرف پہلا قدم ہے۔
2021 میں رکھی گئی تھی آیوش یونیورسٹی کی بنیاد
اس یونیورسٹی کی بنیاد 28 اگست 2021 کو اُس وقت کے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی دعوت پر رکھی تھی۔ یہ ادارہ گورکھپور ضلع صدر دفتر سے تقریباً 25 کلومیٹر دور پپری، بھتھٹ میں 52 ایکڑ زمین پر واقع ہے۔ یہ یونیورسٹی ریاست بھر کے 98 آیوش کالجوں پر مبنی ہے، جن میں 76 آیوروید، 10 یونانی اور 12 ہومیوپیتھی کالج شامل ہیں۔ اس سے پہلے یہ تمام ادارے مختلف حکومتی اداروں کے تحت آتے تھے، لیکن اب ان کی نگرانی ایک ہی پلیٹ فارم سے کی جا رہی ہے۔
یونیورسٹی میں جاری ہیں کئی کورسز
واضح رہے کہ یونیورسٹی نے 2021-22 تعلیمی سال سے ہی کام شروع کر دیا ہے اور اس وقت BAMS، MD، MS (آیوروید)، BUMS، MD، MS (یونانی) اور BHMS، MD (ہومیوپیتھی) جیسے کورسز کی تعلیم اور امتحانات کا انعقاد کر رہی ہے۔ ریاست کی پہلی آیوش یونیورسٹی کے قیام کا تصور خود وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس وقت پیش کیا تھا، جب مرکزی حکومت نے آیوروید، یوگا و نیچروپیتھی، یونانی، سدھا اور ہومیوپیتھی کو ’آیوش‘ کیٹیگری میں شامل کیا تھا۔ مستقبل میں یونیورسٹی میں یوگا، نیچروپیتھی اور سدھا جیسے شعبہ جات کو بھی شامل کیا جائے گا۔
ایمس، گورکھپور کے پہلے کانووکیشن میں شریک ہوں گی صدر مرمو
اس دوران صدر مرمو آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) گورکھپور کے پہلے کانووکیشن میں بھی شرکت کریں گی۔ AIIMS گورکھپور کی بنیاد وزیر اعظم نریندر مودی نے 22 جولائی 2016 کو رکھی تھی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد تعمیراتی کاموں میں تیزی آئی اور OPD نے 24 فروری 2019 سے خدمات دینا شروع کیں، جب کہ مکمل اسپتال کا افتتاح 7 دسمبر 2021 کو وزیر اعظم مودی نے کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


