سکریٹری خارجہ وکرم مسری نے جمعہ کو نئی دہلی میں چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کی نئی کوشش کی گئی۔ ویڈونگ دو دن کے لیے ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ میٹنگ کے دوران دونوں پڑوسی ممالک نے براہ راست پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے سمیت ’’عوام پر مرکوز مصروفیات‘ کو ترجیح دیتے ہوئے تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس بات چیت میں جنوری میں بیجنگ میں ہونے والی دونوں ممالک کے درمیان آخری میٹنگ کے بعد سے ہوئی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے اس سال کیلاش مانسروور یاترا کو دوبارہ شروع کرنے میں سہولت فراہم کرنے میں چین کے تعاون کی تعریف۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دونوں ممالک نے اس پر 6 نکاتی اتفاق رائے کیا تھا۔ مسری نے اپریل 2025 میں سرحد پار دریاؤں پر ماہرین کی سطح کے طریقہ کار کے تحت ہونے والی بات چیت کا بھی حوالہ دیا، جہاں دونوں فریقوں نے ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا اور تعاون کی دیگر اقسام کے اشتراک پر اتفاق کیا اور پیش رفت کی امید ظاہر کی۔
براہ راست پروازیں شروع کرنے پر کیا گیا تبادلۂ خیال
بات چیت میں براہ راست فضائی رابطے کی بحالی کو تیز کرنے پر روشنی ڈالی گئی اور امید ظاہر کی گئی کہ ایک تازہ ترین فضائی سروس معاہدہ طے پا جائے گا۔ دونوں فریقین نے ویزا درخواست کے طریقۂ کار کو آسان بنانے اور میڈیا، اسکالرز اور تھنک ٹینکس کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر منصوبہ بند کی گئی سرگرمیوں کا بھی مثبت جائزہ لیا۔ مزید برآں ہندوستان اور چین نے تجارت اور اقتصادیات جیسے شعبوں میں فعال مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستان نے جمعرات کو کہا تھا کہ وہ چین کے ساتھ رابطے میں ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ’’ہم یہاں دہلی اور بیجنگ دونوں میں چین کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ تجارت کے لیے سپلائی چین میں بین الاقوامی طریقوں کے مطابق آگے بڑھا جا سکے۔‘‘ قبل ازیں اپریل میں صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بالترتیب اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور لی کیانگ سے ملاقات کی تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


