احمد آباد طیارہ حادثے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی کی موت
احمد آباد: احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوئے طیارے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی کی موت ہو گئی ہے۔ وہ مسافروں کی فہرست میں 12ویں نمبر پر تھے۔ ان کے ساتھ ساتھ ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے میں 242 مسافر سوار تھے۔ طیارہ لندن کے لیے پرواز کر رہا تھا، تبھی ٹیک آف کے دوران ہوائی اڈے کی باؤنڈری کے قریب اس دھماکہ ہو گیا۔
گجرات کے 16ویں وزیر اعلیٰ تھے روپانی
وجے روپانی گجرات کے 16ویں وزیر اعلیٰ تھے۔ وہ 2016 اور 2021 کے درمیان اس عہدے پر فائز رہے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے راجکوٹ ویسٹ، گجرات سے ایم ایل اے تھے۔ اس کے علاوہ وہ بی جے پی سے راجیہ سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
میانمار میں پیدا ہوئے تھے وجے روپانی
وجے روپانی 2 اگست 1956 کو میانمار کے دارالحکومت ینگون میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام رمانیکلال روپانی اور والدہ کا نام مایا بین تھا۔ وہ سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ 1960 میں، میانمار میں سیاسی بدامنی کی وجہ سے، ان کا خاندان بھارت آیا اور گجرات کے راجکوٹ میں آباد ہو گیا۔ انہوں نے سوراشٹرا یونیورسٹی سے بی اے اور ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی۔
ایک بیٹے کی کار حادثے میں ہو گئی تھی موت
ان کی فیملی اور ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں تو وجے روپانی کی شادی انجلی روپانی سے ہوئی ہے جو بی جے پی کے خواتین ونگ سے وابستہ ہیں۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ بیٹا انجینئر ہے اور بیٹی شادی شدہ ہیں۔ ان کے دوسرے بیٹے کی ایک کار حادثے میں موت ہو گئی تھی۔
پڑھائی کے دوران شروع ہو گیا تھا ان کا سیاسی سفر
پڑھائی کے دوران، انہوں نے اے بی وی پی میں شمولیت اختیار کی اور جلد ہی آر ایس ایس اور جن سنگھ کے ساتھ سرگرم سیاست میں داخل ہوگئے۔ انہوں نے 1976 کی ایمرجنسی کے دوران 11 ماہ جیل میں گزارے۔ روپانی 1996-97 میں راجکوٹ کے میئر بنے۔1998 میں انہیں بی جے پی کی گجرات یونٹ کا سکریٹری مقرر کیا گیا۔ 2006 میں، وہ گجرات ٹورازم کے چیئرمین بنے اور پھر راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔
2016 میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا لیا حلف
2013 میں، روپانی نریندر مودی کے وزیر اعلیٰ کے دور میں گجرات میونسپل فنانس بورڈ کے چیئرمین تھے۔2014 میں، انہوں نے راجکوٹ ویسٹ سے اسمبلی انتخابات جیتے اور آنندی بین پٹیل کی حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ بنے۔ 2016 میں وہ گجرات بی جے پی کے صدر بنے اور اسی سال 7 اگست کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔2017 میں بی جے پی نے گجرات اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور روپانی دوسری بار وزیر اعلیٰ بنے۔
ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا طیارہ
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایئر انڈیا کی فلائٹ لندن کے لیے 1:39 بجے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی۔ حادثے کے وقت جہاز میں تقریباً 242 افراد سوار تھے۔ ایئر انڈیا کا طیارہ اڑان بھرتے ہی میگھانی نگر کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ آسمان میں دھواں اٹھنے اور زوردار دھماکے کی آواز سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع
ایئر انڈیا نے ٹویٹ کرکے اس واقعے کی باضابطہ تصدیق کی۔ فلائٹ نمبر AI171 بوئنگ ڈریم لائن تھی جو احمد آباد سے لندن جا رہی تھی۔ فی الحال راحت اور بچاؤ کام جاری ہے، اور حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔





