پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ یہاں چنّا سوامی اسٹیڈیم کے قریب بھگدڑ کے سلسلے میں آر سی بی، ایونٹ مینجمنٹ فرم ڈی این اے انٹرٹینمنٹ نیٹ ورکس، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس بھگڈر میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی اور 56 زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی آر میں آر سی بی فرنچائز کو ملزم نمبر 1، ڈی این اے انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کو ملزم نمبر 2 اور کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کو ملزم نمبر 3 کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ایک پولیس انسپکٹر کی شکایت پر ڈی این اے انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ اس کیس کو انکوائری کے لیے محکمہ فوجداری تفتیش کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا اس حادثے کے بعد بنگلورو سٹی پولیس کمشنر بی دیانند کو اے سی پی اور کیوبن پارک پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر کے ساتھ معطل کر دیا گیا۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اعلان کیا کہ آر سی بی کے اہلکاروں کو گرفتار کیا جائے گا اور بھگدڑ کی عدالتی جانچ کا حکم دیا جائے گا، جس کی قیادت کرناٹک ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس مائیکل ڈی کونہا کریں گے۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے لیا از خود نوٹس
اس سے قبل آج کرناٹک ہائی کورٹ نے بھگدڑ کا از خود نوٹس لیتے ہوئے اس واقعہ میں مفاد عامہ کی عرضی (PIL) درج کی۔ ریاستی حکومت نے بھگدڑ کے واقعہ کی مجسٹریل جانچ کا حکم دیا ہے جس کی قیادت بنگلورو شہری ڈپٹی کمشنر جی جگدیشا کررہے ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ رائل چیلنجرز بنگلورو (RCB)، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (KSCA)، محکمہ پولیس اور DNA یعنی ایونٹ مینجمنٹ فرم کو نوٹس بھیجے جائیں گے۔
ان اداروں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جائے گا، ان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے اور 15 دنوں میں حکومت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھگدڑ کے بعد پہلی بار میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اس واقعہ کی پوری ذمہ داری قبول کی۔ انھوں نے کہا ’’ہمیں بہت دکھ ہے۔۔۔کرناٹک کی شبیہ، بنگلورو کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔ ہاں ہم ذمہ داری لیتے ہیں۔ ہم دوسروں پر الزام نہیں لگا رہے ہیں، حالاں کہ یہ بہت غیر متوقع طور پر ہوا ہے۔ کسی کو بھی اس طرح کی بھیڑ کی توقع نہیں تھی۔‘‘
ریاستی حکومت نے کیا معاوضے کا اعلان
دریں اثنا کرناٹک حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے اور زخمیوں کو مفت طبی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ بدانتظامی اور لاپرواہی پر بڑھتی ہوئی تنقید کا سامنا کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ شیوکمار نے کہا کہ اسٹیڈیم میں ہونے والا پروگرام پولیس کی ہدایات پر جلد بازی میں ختم کر دیا گیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

