Bharat Express DD Free Dish

Hathras Satsang stampede case: ہاتھرس ستسنگ بھگدڑ معاملے میں کلیدی ملزم سمیت 3 افراد کی درخواست ضمانت الہ آباد ہائی کورٹ سے منظور، اس حادثے میں 121 افراد ہوئے تھے ہلاک

پولیس نے 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ ان تمام کے خلاف عدالت میں 3200 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی گئی تھی

اترپردیش کے ہاتھرس ضلع میں سورج پال عرف نارائن سرکار ہری کے ستسنگ کے دوران مچی بھگڈر معاملہ میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے 3 ملزمان کو ضمانت دے دی ہے۔ جیل میں قید کلیدی ملزم دیو پرکاش مدھوکر، میگھ سنگھ اور مکیش کی ضمانت عرضی الٰہ آباد ہائی کورٹ نے منظور کر لی ہے۔ جسٹس سمیر جین کی سنگل بنچ نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ واضح ہو کہ ہاتھرس ضلع کے فلرائی مغل گڑھی میں 2 جولائی 2024 کو ستسنگ کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس بھگڈر میں 121 لوگوں کی جانیں چلی گئی تھیں اور تقریباً 250 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

3200 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے

پولیس نے ہاتھرس بھگدڑ معاملہ میں 11 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ ان تمام کے خلاف عدالت میں 3200 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ اس معاملہ میں 8 ملزمان کو ہائی کورٹ سے پہلے ہی ضمانت مل چکی تھی۔ عرضی گزار کے وکیل سکومار پال نے بتایا کہ ہائی کورٹ نے تینوں ملزمان دیو پرکاش مدھوکر، میگھ سنگھ اور مکیش کی ضمانت عرضیاں منظور کر لی ہیں۔ امید ہے کہ وہ لوگ جلد ہی جیل سے رہا ہو جائیں گے۔

سورج پال عرف نارائن سرکار ہری کو پہلے ہی مل چکی ہے کلین چٹ

قابل ذکر ہے کہ سورج پال عرف نارائن سرکار ہری کے ستسنگ میں 80 ہزار لوگوں کے شامل ہونے کی اجازت مانگی گئی تھی، لیکن 2.5 لاکھ سے 3 لاکھ کے قریب لوگوں کی بھیڑ اکٹھی ہو گئی تھی۔ انتظامیہ نے بغیر کسی تحقیقات کے اس ستسنگ کے انعقاد کی اجازت دے دی تھی۔ ستسنگ میں بھیڑ کی وجہ سے اچانک بھگڈر مچ گئی اور 121 لوگوں نے اپنی جانیں گنوا دیں۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے ایک عدالتی تحقیقاتی کمیشن بنایا تھا۔ ریٹائرڈ جسٹس برجیش کمار شریواستو کمیشن کے چیئرمین تھے اور ریٹائرڈ آئی اے ایس ہیمنت راؤ اور ریٹائرڈ آئی پی ایس بھاویش کمار سنگھ کمیشن کے رکن تھے۔ SIT  نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں چھ افسران کو معطل کیا، جن میں ایس ڈی ایم، تحصیلدار، سرکل آفیسر اور سکندراؤ تھانے کے انچارج شامل تھے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔