وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں انگولہ کے صدر جواؤ مینوئل گونسالویز لارینسو سے ملاقات کی۔ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی سمت دینے کے ساتھ ساتھ ’’گلوبل ساؤتھ‘‘ وژن کو بھی آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انگولہ کو افریقی یونین کی صدارت ملنے پر وزیر اعظم نے دی مبارکباد
انگولہ کو افریقی یونین کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور انگولہ کے درمیان رسمی تعلقات 40 سال پرانے ہیں، لیکن ان کی تاریخ اس سے بھی پہلے کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب انگولا آزادی کی جنگ لڑ رہا تھا تب ہندوستان نے پوری وفاداری اور خلوص کے ساتھ اس کی حمایت کی تھی۔ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اعظم مودی نے کہا ’’بھارت کی G20 صدارت کے دوران افریقی یونین کا G20 کی مستقل رکنیت حاصل کرنا ایک تاریخی کامیابی ہے۔ ہندوستان اور افریقی ممالک ایک وقت استعمار کے خلاف متحد تھے اور آج بھی ہم ’گلوبل ساؤتھ‘ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔‘‘
ہندوستان اور افریقہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں ہندوستان اور افریقہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور دو طرفہ تجارت تقریباً 100 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے حال ہی میں منعقدہ پہلی ہند-افریقہ بحری میری ٹائم مشق کا حوالہ دیتے ہوئے دفاع اور بحری سلامتی میں گہرے تعاون پر بھی زور دیا۔ وزیر اعظم مودی نے بتایا کہ ہندوستان نے پچھلے دس سالوں میں افریقہ میں 17 نئے سفارت خانے کھولے ہیں۔ افریقی ممالک کو 12 بلین ڈالر سے زیادہ کی کریڈٹ لائنز اور 700 ملین ڈالر کی گرانٹ امداد بھی فراہم کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 8 ممالک میں ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جب کہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے لیے 5 ممالک میں شراکت داری جاری ہے۔
آفات کے وقت انگولہ کا بھروسے مند دوست رہا ہے بھارت
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان ہر آفت میں افریقی ممالک کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم افریقی یونین کی ترقی کو گلوبل ساؤتھ کے لیے ایک اہم قوت کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘‘ پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان انگولہ کی مسلح افواج کو تربیت دینے کے لیے تیار ہے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، خلائی سائنس اور صلاحیت سازی میں بھی تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے صحت، ڈائمنڈ پروسیسنگ، کھاد اور اہم معدنیات جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی بات کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انگولہ میں یوگا اور بالی ووڈ کی مقبولیت ہندوستان اور انگولہ کے ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔ انھوں نے ’’یوتھ ایکسچینج پروگرام‘‘ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
صدر لارینسو نے ہندوستان کے لیے احترام کا کیا اظہار
انگولہ کے صدر لارینسو نے کہا ’’میں ہندوستان کے لیے احترام اور دوستی کا پیغام لے کر آیا ہوں۔ ہندوستان عالمی سطح پر سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘‘ صدر لارینسو نے مزید کہا کہ انگولہ ہندوستان کے ساتھ ایسے تعاون کی خواہش رکھتا ہے جس کا عام لوگوں کی زندگیوں پر براہ راست اثر پڑے۔ انھوں نے زراعت، مالیات، صحت، دفاع، اعلیٰ تعلیم، آئی ٹی، توانائی، تجارت اور معدنی وسائل جیسے شعبوں میں شراکت کو ترجیح دینے کی بات کی۔ انھوں نے ہندوستانی سرمایہ کاروں سے انگولہ کی معیشت میں براہ راست حصہ لینے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ انگولہ میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع اور سازگار ماحول موجود ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


