وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ 17ویں سول سروسز ڈے پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران وزیر اعظم نے کئی افسران کو اعزاز سے بھی نوازا اور ہندوستان کی ترقی اور سول سروسز کے حوالے سے بات کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ہم جن پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں، جو فیصلے ہم لے رہے ہیں، وہ اگلے ہزار سالوں کا مستقبل کرنے والی پالیسیاں اور فیصلے ہیں۔
پی ایم مودی نے پروگرام سے کیا خطاب
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ’’اس سال کا سول سروس ڈے کئی وجوہات کی بناء پر بہت خاص ہے۔ اس سال ہم اپنے آئین کا 75 واں سال منا رہے ہیں اور یہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150 ویں یوم پیدائش بھی ہے۔ 21 اپریل 1947 کو سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آپ سب کو ’بھارت کا اسٹیل فریم‘ کہا تھا، یعنی ایمانداری اور نظم و ضبط کے حامل ’سوِل سیوک‘‘۔
وزیر اعظم نے مزید کہا ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آزاد ہندوستان کی بیوروکریسی کے لیے نئے معیار قائم کیے تھے۔ سول سیوک یعنی ایک سرکاری ملازم جو قوم کی خدمت کو اپنا بہترین فرض سمجھتا ہے، جو انتظامیہ کو جمہوری طریقے سے چلاتا ہے، جو ایمانداری، نظم و ضبط اور لگن سے مملو ہوتا ہے۔‘‘ لال قلعہ میں اپنی ایک تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا ’’کچھ عرصہ پہلے میں نے لال قلعہ سے کہا تھا کہ آج کے ہندوستان کو آنے والے 1000 سالوں کے لیے بنیاد مضبوط کرنی ہے۔ ایک طرح سے اگلے 1000 سال کے پہلے 25 سال گزر چکے ہیں۔ یہ اس صدی کا بھی 25واں سال ہے اور اگلے ہزار سالہ دور کا بھی۔ وہ پالیسیاں جن پر ہم آج کام کر رہے ہیں، جو فیصلے ہم لے رہے ہیں، وہ 1000 سال کے مستقبل کا تعین کرنے جا رہے ہیں۔‘‘
دنیا تیزی سے بدل رہی ہے: پی ایم مودی
انھوں نے مزید کہا ’’آج ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جو تیزی سے بدل رہی ہے۔ ہماری بیوروکریسی اور پالیسی سازی پرانے نظاموں کی بنیاد پر کام نہیں کر سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ 2014 سے نظامی تبدیلی کے لیے سرگرمی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ہم خود کو بہت تیزی سے بدل رہے ہیں۔ ہندوستان کا خواہش مند معاشرہ – چاہے وہ نوجوان ہو، کسان ہو یا خواتین، وہ بے پناہ خواب اور امنگوں سے بھرا ہوا ہے۔ ان کے ارمانوں کو پورا کرنے کے لیے ہمیں بھی اسی رفتار سے ترقی کی ضرورت ہے۔‘‘ ترقی یافتہ ہندوستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا ’’ترقی یافتہ ہندوستان کے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے، ترقی کی رتھ کے ہر پہیے کو ایک ساتھ چلنا ہوگا۔ ہمیں اس مقصد کے لیے ہر لمحہ، ہر دن عزم کے ساتھ کام کرنا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہی ہمیں جینا اور اپنی زندگیاں گزارنی ہیں۔‘‘
سول سروسز کے تھیم ’’ہندوستان کی ہمہ گیر ترقی‘‘ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’’مجھے خوشی ہے کہ اس سال سول سروسز کا تھیم ہندوستان کی ہمہ گیر ترقی ہے۔ یہ صرف ایک تھیم نہیں ہے بلکہ یہ قوم کے تئیں ہماری وابستگی ہے۔ ہمہ گیر ترقی کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی خاندان، شہری یا گاؤں پیچھے نہیں رہے گا۔ حقیقی ترقی چھوٹی تبدیلیوں کا نام نہیں ہے، بلکہ وہ معنی خیز اثرات ہیں جو بڑے پیمانے پر اثرانداز ہوں۔ ترقی یہ ہے کہ ہر گھر میں صاف پانی ہونا چاہیے اور ہر بچے کو اعلیٰ تعلیم ملنی چاہیے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


