Bharat Express DD Free Dish

BJP MP changes Official Address Tuglak Lane renaming Vivekananda Marg: ناموں کی تبدیلی کی سیاست جاری، بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے’تغلق لین‘ کا نام بدل کر’سوامی وویکانند مارگ‘ رکھ دیا

بی جے پی رکن پارلیمنٹ دنیش شرما نے اپنی سرکاری رہائش گاہوں پر تغلق لین کی جگہ سوامی وویکانند مارگ کا سائن بورڈ لکھوا لیا ہے۔ دہلی میں کئی مقامات کے نام بدلنے کی تجاویز سامنے آئی ہیں جبکہ اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر سیاہی پھیردی گئی ہے۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ دنیش شرما نے تغلق لین کا نام تبدیل کرکے وویکانند مارگ کا نیم پلیٹ لگا لیا ہے۔

نئی دہلی: دہلی میں ناموں کی تبدیلی کی سیاست شدت اختیارکررہی ہے۔ بی جے پی کے کئی اراکین پارلیمنٹ نے اپنی سرکاری رہائش گاہوں کے نیم پلیٹ میں خود ہی ترمیم کرتے ہوئے تغلق لین کی جگہ سوامی وویکانند مارگ لکھوا لیا۔ اس فہرست میں فرید آباد کے رکن پارلیمنٹ کرشن پال گرجر، راجیہ سبھا کے رکن دنیش شرما اوروائس ایڈمرل کرن دیشمکھ شامل ہیں۔ حالانکہ، ان کی نام کی تختی پرابھی بھی چھوٹے حروف میں تغلق لین درج ہے اورنام کی تبدیلی کا یہ قدم سرکاری سطح پرنہیں بلکہ ذاتی طور پر اٹھایا گیا ہے۔

دہلی میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد کئی اراکین اسمبلی نے اپنے اپنے علاقے کا نام بدلنے کا مطالبہ کیا تھا۔ نجف گڑھ کا نام بدل کر ناہرگڑھ، مصطفیٰ آباد کالونی کا نام بدل کرشیووہاراورجنوبی دہلی کے محمد پورگاؤں کا نام بدل کرمادھو پورم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ علاقوں کا نام بدلنے سے متعلق تنازعہ ابھی تھما بھی نہیں تھا۔ یوپی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اورسابق نائب وزیراعلیٰ دنیش شرما نے نئی دہلی میں اپنے سرکاری مکان کا پتہ خود تبدیل کردیا ہے۔

بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن دنیش شرما کوتغلق لین میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی، جہاں انہوں نے حال ہی میں اپنے خاندان کے ساتھ داخلہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پراپنے گھرکے باہرلگی نام پلیٹ کی تصاویرسوشل میڈیا پرشیئرکیں، جن میں تغلق لین کے بجائے سوامی وویکانند مارگ لکھا ہوا نظرآ رہا ہے۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’’آج نئی دہلی کی نئی رہائش، سوامی وویکانند مارگ (تغلق لین) میں رسم ورواج کے ساتھ پوجا کرکے داخل ہوا۔‘‘

واضح رہے کہ دہلی اسمبلی میں بی جے پی اراکین اسمبلی کے ذریعہ دارالحکومت دہلی کے کئی علاقوں میں نام تبدیل کرنے کے مطالبہ کے بعد بی جے پی رکن پارلیمنٹ دنیش شرما کے ذریعہ یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ یہ قدم سیاسی طور پرکافی اہم مانا جا رہا ہے۔ تغلق لین کا نام تبدیل کر کے سوامی وویکا نند مارگ کرکے یہ پیغام دیا کہ وہ تغلق لین نام کوبدلنا چاہتے ہیں۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read