ہندوستانی آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک خاص ریکارڈ بھی اپنے نام درج کیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ ٹیم انڈیا بہت آسانی سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے پہلے ون ڈے میں شاندار بولنگ کی۔ اس میچ میں ہندوستانی سینئر آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے اپنے شاندار کھیل سے میچ میں جان ڈال دی اورتین وکٹ لینے کے ساتھ ہی 600 وکٹیں لینے والے کلب میں شامل ہو گئے۔ جس میں کپل دیو اور انیل کمبلے جیسے لیجنڈز کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جڈیجہ بھی ان آل راؤنڈرز کی فہرست میں شامل ہو گئے جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 600 سے زیادہ وکٹیں اور 6000 سے زیادہ رنز بناچکے ہیں۔
رویندر جڈیجہ نے 80 ٹیسٹ میچوں میں 323 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 198 ون ڈے میچوں میں 223 اور 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 54 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔انیل کمبلے نے 401 بین الاقوامی میچوں میں 30.06 کی اوسط سے 953 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہیں روی چندرن اشون نے 287 بین الاقوامی میچوں میں 25.80 کی اوسط سے 765 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جبکہ ہربھجن سنگھ نے 365 بین الاقوامی میچوں میں 32.59 کی اوسط سے 707 وکٹیں حاصل کیں۔البتہ کپل دیو نے 356 بین الاقوامی میچوں میں 28.83 کی اوسط سے 687 وکٹیں حاصل کیں۔اور اب رویندر جڈیجہ نے 352 بین الاقوامی میچوں میں 28.95 کی اوسط سے 600 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جڈیجہ 6000 رنز اور 600 وکٹیں لینے والے آل راؤنڈرز کی فہرست میں شامل
رویندرجڈیجہ نے 80 ٹیسٹ میچوں میں 3370 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 198 ون ڈے میچوں میں 2768 رنز اور 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 515 رنز بنائے ہیں۔
کپل دیو، 9031 رنز، 687 وکٹیں
وسیم اکرم، 6615 رنز، 916 وکٹیں
شین پولک، 7386 رنز، 829 وکٹیں
ڈینیئل ویٹوری، 6989 رنز، 705 وکٹیں
شکیب الحسن، 14730 رنز، 712 وکٹیں
رویندر جڈیجہ، 6653 رنز، 600 وکٹیں
بھارت ایکسپریس۔