Bharat Express

BBC Documentary Screening: امبیڈکر یونیورسٹی میں پاورسپلائی روکی گئی، طلبا نے لیپ ٹاپ پر دیکھی بی بی سی ڈاکیومنٹری

وزیر اعظم مودی اور گجرات فسادات پر بنائی گئی بی بی سی کی ڈاکیومنٹری سے متعلق یونیورسٹیز میں خوب ہنگامہ ہو رہا ہے۔ دہلی کی امبیڈکر یونیورسٹی میں طلبا نے لیپ ٹاپ پر ڈاکیومنٹری دیکھی۔

بی بی سی ڈاکیومنٹری تنازعہ: امبیڈکر یونیورسٹی میں پاور سپلائی روک دی گئی۔ (فائل فوٹو)

Ambedkar University BBC Documentary Screening: بی بی سی کی متنازعہ  ڈاکیومنٹری ‘انڈیا: دی مودی کوئشچن’ سے متعلق تنازعہ میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کئی یونیورسٹیز میں اس کی اسکریننگ سے متعلق ہنگامہ ہوچکا ہے۔ دہلی کے جے این یو میں تو پتھراؤ جیسی صورتحال بھی پیدا ہوگئی۔ وہیں اب دہلی کی امبیڈکر یونیورسٹی میں بھی طلبا نے ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کرنے کی کوشش کی۔ حالانکہ اسکریننگ کے دوران یونیورسٹی انتظامیہ نے پاور سپلائی روک دی اور پولیس کو بلایا گیا۔

جانکاری کے مطابق، طلبا تنظیموں میں جمعہ (27 فروری) کو اسکریننگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ طلبا یونیورسٹی کیمپس میں بی بی سی کی ڈاکیومنٹری اسکریننگ کر رہے تھے اور اسی دوران یونیورسٹی نے بجلی کاٹ دی۔ اس کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے اسکریننگ کے لئے لگائے گئے پردے کو بھی ہٹا دیا۔ اطلاع ملی ہے کہ طلبا نے پردہ ہٹائے جانے کے بعد الگ الگ گروپ میں بیٹھ کر لیپ ٹاپ پر ڈاکیومنٹری دیکھی۔

دہلی یونیورسٹی میں بھی اسکریننگ کا اعلان

واضح رہے کہ آج دہلی یونیورسٹی میں بھی کئی طلبا تنظیموں، جس میں این ایس یو آئی  بھی شامل ہے، نے متنازعہ بی بی سی ڈاکیومنٹری کو دکھانے کا اعلان کیا ہے۔ کیمپس میں ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ شام 4 بجے اور شام 5 بجے کی جائے گی۔ حالانکہ دہلی یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبا نے اس کے لئے کسی طرح کی اجازت نہیں لی ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ڈاکیومنٹری پر پابندی عائد کی ہے اور کیمپس میں اسے نہیں دکھایا جائے گا۔

 -بھارت ایکسپریس