Bharat Express DD Free Dish

Test: زمبابوے کی بنگلہ دیش کے خلاف مضبوط گرفت، دوسرے دن کے اختتام پر 230 رنز کی برتری

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جا رہے واحد ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز زمبابوے نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔ پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنانے کے بعد میزبان ٹیم نے 230 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ بنگلہ دیش کے پاس دوسری اننگز میں ابھی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 47.2 اوورز ہی کھیل سکی اور محض 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹیم کو ابتدا میں ہی 6 کے مجموعے پر محمود الحسن جوئے (2) کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے بعد مومن الحق اور شادمان اسلام نے دوسرے وکٹ کے لیے 30 رنز کی شراکت قائم کی۔

بنگلہ دیش ٹیم کی کارکردگی

شادمان اسلام 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد مومن الحق نے کپتان نجم الحسن شانتو کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 77 رنز کی اہم شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 113 رنز تک پہنچایا۔ مومن الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 12 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے، جبکہ کپتان شانتو 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن بکھر گئی اور پوری ٹیم 140 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ اس اننگز میں صرف تین بلے باز ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکے۔زمبابوے کی جانب سے نیومین نیامہوری نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رچرڈ نگاراوا، بلیسنگ مزاربانی اور بریڈ ایونز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

زمبابوے کی اپنی پہلی اننگز میں 410 رنز بنا کر 270 رنز کی بڑی برتری

جواب میں زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں 410 رنز بنا کر 270 رنز کی بڑی برتری حاصل کر لی۔ انوسینٹ کائیا اور بین کرن نے پہلے وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت قائم کی۔ بین کرن 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد کائیا نے برینڈن ٹیلر (17) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 54 اور برائن بینیٹ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 107 رنز جوڑے۔انوسینٹ کائیا نے 17 چوکوں کی مدد سے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ برائن بینیٹ نے 59، کریگ اروِن نے 60 اور ویسلے مادھیویرے نے ناقابلِ شکست 77 رنز اسکور کیے۔بنگلہ دیش کی جانب سے تج الاسلام نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 138 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خالد احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 9 اوورز کھیل کر ایک وکٹ کے نقصان پر 40 رنز بنا لیے ہیں۔ بنگلہ دیش اب بھی زمبابوے سے 230 رنز پیچھے ہے، جبکہ میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے مزید 9 وکٹیں درکار ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read