ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت نے ایک بار پھر تاریخ دہرا دی اور اپنا ٹائٹل کامیابی سے برقرار رکھا۔ اتوار (8 مارچ) کو ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر احمد آباد میں نئی تاریخ رقم کی۔ جیت کے بعد پوری ٹیم ٹرافی کے ساتھ جشن مناتی نظر آئی اور کھلاڑیوں نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹرافی کے ساتھ میدان کا چکر بھی لگایا۔ لیکن ان سب کے درمیان ایک جذباتی منظر نے سب کا دل چھو لیا۔ جب کپتان سوریا کمار یادو نے رنکو سنگھ کے ہاتھ میں ٹرافی تھمائی اور پوری ٹیم ان کے پیچھے چلتی ہوئی نظر آئی۔ یہ منظر دیکھ کر اسٹیڈیم میں موجود لوگوں سمیت کروڑوں شائقین کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ تاہم اس پورے ورلڈ کپ میں رنکو سنگھ نے جو اہم کردار ادا کیا ہے، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مدت کے بعد خواب میں آئے تھے میرے باپ
اور انہوں نے مجھ سے اتنا کہا خوش رہا کرو
عباس تابش صاحب کا یہ شعر اس وقت بالکل حقیقت معلوم ہوتا ہے جب بھارت کے فِنشر بلے باز رنکو سنگھ پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا تھا، لیکن انہوں نے اپنے دکھ کو ایک طرف رکھ کر ٹیم انڈیا کے لیے اپنا فرض نبھایا۔ رنکو نے کہا کہ ان کے والد ہمیشہ سکھاتے تھے کہ فرض سب سے پہلے ہوتا ہے اور انہوں نے میدان میں یہی سبق یاد رکھا۔
رنکو سنگھ کے والد کا انتقال
ورلڈ کپ کے دوران 24 فروری کو رنکو سنگھ کے والد کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی۔ انہیں فوری طور پر گریٹر نوئیڈا کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔ اس وقت رنکو چنئی میں ٹیم کیمپ کا حصہ تھے۔ جیسے ہی انہیں اس کی اطلاع ملی، وہ فوراً اپنے والد سے ملنے نوئیڈا روانہ ہو گئے۔
لیکن 27 فروری کو ایک افسوسناک خبر سامنے آئی۔ رنکو کے والد خان چندر سنگھ نے گریٹر نوئیڈا کے یَتھارتھ اسپتال میں آخری سانس لی۔ والد کے انتقال کے بعد یہ قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ رنکو شاید دوبارہ ٹیم سے نہیں جڑیں گے۔ تاہم رنکو سنگھ نے اپنے والد کی نصیحت کو یاد رکھا اور ملک کے لیے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے دوبارہ ٹیم میں شامل ہو گئے۔
“آپ کو بہت یاد کروں گا پاپا” – رنکو سنگھ
آج (10 مارچ) کو رنکو سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔ رنکو نے لکھا: “آپ سے بات کیے بغیر اتنے دن کبھی نہیں گزرے۔ مجھے نہیں معلوم کہ آگے کی زندگی آپ کے بغیر کیسے چلے گی، لیکن ہر قدم پر مجھے آپ کی ضرورت محسوس ہوگی۔ آپ نے سکھایا تھا کہ فرض سب سے پہلے ہوتا ہے، اسی لیے میں میدان میں صرف آپ کا خواب پورا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اب آپ کا خواب پورا ہو گیا ہے، مگر دل میں یہی خیال آتا ہے کہ کاش آپ میرے پاس ہوتے۔ ہر چھوٹی بڑی خوشی میں آپ کی کمی محسوس ہوگی۔
میں آپ کو بہت یاد کروں گا پاپا… بہت زیادہ۔”
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



