نئی دہلی :آئی پی ایل 2026 کے لیگ مرحلے کے 70 مقابلے مکمل ہونے کے بعد پلے آف کی تصویر پوری طرح صاف ہو گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کی ٹاپ چار ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل میں پہلے اور دوسرے نمبر پر رہنے والی رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کے درمیان پہلے کوالیفائر میں ٹکر ہوگی،کل ہوگا ان دونوں ٹیموں کا میچ، لیکن اس میچ میں شکست کھانے والی ٹیم کا سفر ختم نہیں ہوگا۔آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست دو ٹیموں کو ایک اضافی موقع دیا جاتا ہے۔ پہلے کوالیفائر کی فاتح ٹیم سیدھا فائنل میں پہنچ جاتی ہے، جب کہ ہارنے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوتی، بلکہ اسے دوسرے کوالیفائر میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ دوسرے کوالیفائر میں اس کا مقابلہ ایلیمنیٹر جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔ اسی وجہ سے آر سی بی اور گجرات ٹائٹنز میں سے جو بھی ٹیم پہلے کوالیفائر میں شکست کھائے گی، اس کے پاس فائنل میں جگہ بنانے کا ایک اور سنہری موقع موجود رہے گا۔
رائل چیلنجرز بنگلورو
رائل چیلنجرز بنگلورو نے اس سیزن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ رجت پاٹیدار کی قیادت میں دفاعی چیمپئن ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ پلے آف میں جگہ بنائی۔ آر سی بی نے لیگ مرحلے کے 14 میچوں میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی، جب کہ 5 مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ٹیم 18 پوائنٹس کے ساتھ جدول میں پہلے نمبر پر رہی۔آر سی بی کے لیے اس سیزن وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل نے بیٹنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ کوہلی نے 14 میچوں میں 163 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 557 رنز اسکور کیے۔ کپتان رجت پاٹیدار نے بھی کئی اہم اننگز کھیلیں، جب کہ ٹم ڈیوڈ نے فِنشر کا کردار بخوبی نبھایا۔ بولنگ میں بھونیشور کمار نے اپنی تجربہ کار گیندبازی سے مخالف ٹیموں کو مشکلات میں ڈالا۔ انہیں جوش ہیزل ووڈ اور رسکھ سلام کا بھی بہترین ساتھ ملا۔
شبھمن گل کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز
دوسری جانب شبھمن گل کی قیادت میں گجرات ٹائٹنز نے بھی 14 میچوں میں 9 فتوحات حاصل کرتے ہوئے 18 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جگہ بنائی۔ سائی سدرشن اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے پورے سیزن میں شاندار کھیل پیش کیا۔ سدرشن نے 14 میچوں میں 638 رنز بنائے، جبکہ شبھمن گل 13 میچوں میں 616 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ انگلینڈ کے جارح مزاج بلے باز جوس بٹلر بھی اس سیزن بہترین فارم میں نظر آئے۔گجرات کی کامیابی میں اس کی مضبوط بولنگ لائن اپ کا بھی اہم کردار رہا ہے۔ محمد سراج اور کگیسو ربادا کی جوڑی نے حالیہ مقابلوں میں مخالف بلے بازوں کو سخت پریشان کیا اور ٹیم کو کئی اہم کامیابیاں دلائیں۔ اب شائقین کو پہلے کوالیفائر میں دو مضبوط ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کا انتظار ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

