Bharat Express DD Free Dish

Rahul Sanghvi: بھارتی ٹیم کے لیے کھیلے 11 میچ، ممبئی انڈینز کے نوجوان کھلاڑیوں کو نکھارنے میں اہم کردار

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر راہل سانگھوی کا بین الاقوامی کیریئر اگرچہ زیادہ طویل نہیں رہا، لیکن کوچ کی حیثیت سے انہوں نے ایک طویل اور کامیاب اننگز کھیلی ہے۔

راہل سانگھوی کی پیدائش 3 ستمبر 1974 کو گجرات کے سورت میں ہوئی تھی۔ بچپن ہی سے کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھنے والے سانگھوی بائیں ہاتھ کے کلائی کے اسپنر کے طور پر ابھرے۔دہلی کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے سانگھوی نے 24 سال کی عمر میں 1998 میں ون ڈے فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ اس وقت اسپن کے شعبے میں انل کمبلے کی شکل میں ایک بڑا نام پہلے ہی ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کر چکا تھا، جبکہ ہربھجن سنگھ بھی تیزی سے اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایسے میں راہل کے لیے ٹیم انڈیا میں مستقل جگہ بنانا مشکل تھا اور انہیں زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔ 1998 میں 10 ون ڈے اور 2001 میں اپنا واحد ٹیسٹ کھیلنے والے سانگھوی نے ٹیسٹ میں 2 جبکہ ون ڈے میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار ریکارڈ

اگرچہ بین الاقوامی کیریئر مختصر رہا، لیکن راہل سانگھوی کا ڈومیسٹک کیریئر طویل اور شاندار تھا۔ دہلی کے علاوہ انہوں نے نارتھ زون اور ریلوے کی نمائندگی بھی کی۔انہوں نے 95 فرسٹ کلاس میچوں میں 271 وکٹیں جبکہ 68 لسٹ اے میچوں میں 97 وکٹیں حاصل کیں۔98-1997 میں دہلی کی جانب سے ہماچل پردیش کے خلاف لسٹ اے میچ میں سانگھوی نے صرف 15 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس وقت یہ لسٹ اے کرکٹ کا عالمی ریکارڈ تھا۔بعد میں 19-2018 میں شہباز ندیم نے راجستھان کے خلاف 10 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کرکے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔راہل سانگھوی نے 2006 میں دہلی کی جانب سے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔

ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ میں بنائی شناخت

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد راہل سانگھوی نے کوچنگ کے شعبے میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا، جہاں انہیں خاصی کامیابی ملی۔ وہ 2008 سے ہی آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز سے وابستہ ہیں۔ سانگھوی فرنچائز کی دیگر ٹیموں، جن میں ایم آئی کیپ ٹاؤن، ایم آئی ایمریٹس، ایم آئی نیویارک اور خواتین کی ٹیم شامل ہیں، کی ذمہ داریاں بھی دیکھتے ہیں۔ فرنچائز کے نوجوان گیند بازوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ راہل سانگھوی نے ممبئی انڈینز فرنچائز کو آئی پی ایل کے ساتھ ساتھ دنیا کی دیگر ٹی20 لیگز میں کامیابی دلانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read