دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اپنے پہلے میچ میں الجزائر کو 3-0 سے شکست دے کر شاندار آغاز کیا، جبکہ اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک بنا کر ایک اور تاریخی کارنامہ اپنے نام کرلیا۔ میسی کی جادوئی کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا نے پورے مقابلے میں حریف ٹیم پر برتری برقرار رکھی۔ اس میچ میں تین گول کرنے کے ساتھ ہی لیونل میسی مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں 16 گول کے ساتھ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے برابر مشترکہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ یہ میسی کی ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک بھی ہے۔ وہ اپنے 39ویں یومِ پیدائش سے ایک ہفتہ قبل ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے اپنی پہلی ورلڈ کپ گول کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر یہ ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے 16 جون 2006 کو سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف اپنے پہلے ورلڈ کپ گول سے عالمی کپ میں اسکورنگ کا آغاز کیا تھا۔
200ویں بین الاقوامی میچ میں یادگار کارکردگی
ارجنٹینا کی جانب سے اپنے 200ویں بین الاقوامی میچ میں کھیلتے ہوئے میسی نے 17ویں منٹ میں روڈریگو ڈی پال کے فوری فری کک پاس پر گیند حاصل کی، کئی دفاعی کھلاڑیوں کو عبور کیا اور دور سے زبردست شاٹ لگا کر ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرا گول بھی میسی کے حصے میں آیا، جب نیکو گونزالیز کی جانب سے بنائے گئے حملے کے بعد الیکسس میک ایلسٹر کا شاٹ گول کیپر لوکا زیدان پوری طرح نہ روک سکے اور ریباؤنڈ پر موجود میسی نے آسانی سے گیند جال میں پہنچا دی۔
شاندار ہیٹ ٹرک کے ساتھ ارجنٹینا کی بڑی فتح
میچ کے 76ویں منٹ میں میسی نے خود ہی شاندار ڈرِبلنگ کے ذریعے حملے کی بنیاد رکھی، پھر نیکو گونزالیز سے ون-ٹو پاس حاصل کرنے کے بعد پنالٹی ایریا کے کنارے سے زبردست شاٹ لگا کر گیند کو گول کے نچلے کونے میں پہنچا دیا اور اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ میسی کی اس غیرمعمولی کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا نے الجزائر کو 3-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا فاتحانہ آغاز کیا، جبکہ اسٹار فارورڈ نے عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک اور یادگار سنگ میل عبور کر لیا۔
میسی چھ ایڈیشن کھیلنے والے پہلے فٹبالر بنے
ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونیل میسی نے اپنی شاندار پیشہ ورانہ زندگی میں ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کے چھ ایڈیشن کھیلنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے یہ منفرد ریکارڈ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں الجزائر کے خلاف ارجنٹینا کے افتتاحی میچ میں میدان میں اترنے کے ساتھ قائم کیا۔
ورلڈ کپ شرکت کا نیا عالمی ریکارڈ
ای ایس پی این کے مطابق آٹھ مرتبہ بیلون ڈی اور جیتنے والے 38 سالہ لیونیل میسی نے اس میچ کے ساتھ ان کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا جو اب تک پانچ، پانچ ورلڈ کپ کھیلنے کے ریکارڈ میں ان کے برابر تھے۔ ان میں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، میکسیکو کے انتونیو کارباخال، آندریس گارداڈو، رافیل مارکیز اور جرمنی کے لوتھر ماتھیئس شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو بھی بدھ کو کانگو ڈی آر کے خلاف پرتگال کے پہلے میچ میں میدان میں اتر کر میسی کے اس ریکارڈ کی برابری کر سکتے ہیں۔ جبکہ میکسیکو کے گول کیپر گیلرمو اوچوا چھ ورلڈ کپ اسکواڈز کا حصہ رہ چکے ہیں، تاہم وہ ان میں سے دو ٹورنامنٹس میں کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
2006 سے 2026 تک سنہری سفر
لیونل میسی نے پہلی بار 2006 کے فیفا ورلڈ کپ میں صرف 18 برس کی عمر میں شرکت کی تھی، جب وہ سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف بطور متبادل کھلاڑی میدان میں اترے تھے اور گول بھی کیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مسلسل عالمی کپ میں ارجنٹینا کی نمائندگی کرتے آرہے ہیں۔ میسی پہلے ہی قطر میں 2022 کے ورلڈ کپ فائنل کے دوران لوتھر ماتھیئس کا سب سے زیادہ ورلڈ کپ میچ کھیلنے کا ریکارڈ توڑ چکے تھے۔ الجزائر کے خلاف یہ ان کے کیریئر کا مجموعی طور پر 27واں ورلڈ کپ میچ تھا۔ انٹر میامی کے اسٹار فارورڈ لیونل میسی نے اگرچہ ابھی تک اپنی بین الاقوامی ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم وہ اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں کہ 2026 کا فیفا ورلڈ کپ ارجنٹینا کی جانب سے ان کا آخری بڑا بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہو سکتا ہے۔ ان کی چھ عالمی کپ مہمات پر محیط یہ شاندار سفر عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک منفرد مثال بن چکا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

