Bharat Express DD Free Dish

IPL 2026: سن رائزرس حیدرآباد سے شکست کے باوجود پہلے کوالیفائر میں پہنچی رائل چیلنجرز بنگلورو، وراٹ کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

سن رائزرس حیدرآباد نے لیگ مرحلہ 18 پوائنٹس کے ساتھ ختم کیا، لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر آر سی بی اور گجرات ٹائٹنز اس سے آگے رہے۔ سن رائزرس حیدرآباد اب 27 مئی کو ایلیمنیٹر میچ کھیلے گی۔

حیدرآباد: آئی پی ایل 2026 کے 67ویں میچ میں سن رائزرس حیدرآباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلورو کو 55 رن سے شکست دے دی۔ تاہم اس شکست کے باوجود آر سی بی پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر برقرار رہی اور اس نے پہلے کوالیفائر میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد نے 20 اوور میں 4 وکٹ پر 255 رن بنائے۔ ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما نے ٹیم کو جارحانہ آغاز دیا۔ ہیڈ نے 16 گیندوں پر 26 رن بنائے، جبکہ ابھیشیک شرما نے صرف 22 گیندوں پر 56 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ایشان کشن نے ایک بار پھر عمدہ فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 79 رن بنائے، جبکہ ہینرک کلاسن نے 24 گیندوں پر 51 رن کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ آخر میں نتیش کمار ریڈی نے 12 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رن بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔

شکست کے باوجود آر سی بی پہلے کوالیفائر میں

256 رن کے ہدف کے تعاقب میں آر سی بی نے اچھی شروعات کی۔ وینکٹیش ایئر نے 19 گیندوں پر 44 رن کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے وراٹ کوہلی کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 60 رن جوڑے۔ ویرات کوہلی 15 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دیودت پڈیکل نے 21 رن کا تعاون دیا۔ کپتان رجت پاٹیدار نے 39 گیندوں پر 56 رن کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ کرنال پانڈیا 41 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ آر سی بی مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹ پر 200 رن ہی بنا سکی۔ اس نتیجے کے بعد آر سی بی نے پہلے کوالیفائر میں اپنی جگہ برقرار رکھی، جہاں 26 مئی کو اس کا مقابلہ گجرات ٹائٹنز سے ہوگا۔

کوہلی اور ہیڈ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

اسی میچ کے دوران وراٹ کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان گرما گرم جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے کو ملا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ میچ ختم ہونے کے بعد وراٹ کوہلی نے سن رائزرس حیدرآباد کے تقریباً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا، لیکن ٹریوس ہیڈ کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔ رپورٹس کے مطابق پہلی اننگز میں ہیڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی نے جارحانہ انداز میں جشن منایا تھا، جس پر آسٹریلوی بلے باز ناخوش نظر آئے۔ بعد میں آر سی بی کی بیٹنگ کے دوران دونوں کھلاڑی ایک دوسرے پر طنزیہ اشارے کرتے بھی دکھائی دیے۔ اگرچہ سن رائزرس حیدرآباد نے لیگ مرحلہ 18 پوائنٹس کے ساتھ ختم کیا، لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر آر سی بی اور گجرات ٹائٹنز اس سے آگے رہے۔ سن رائزرس حیدرآباد اب 27 مئی کو ایلیمنیٹر میچ کھیلے گی، تاہم اس کے حریف کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read