رائے پور: شاندار فارم میں کھیل رہے وراٹ کوہلی نے بدھ کو شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ یہ اس سیریز میں ان کی مسلسل دوسری سنچری ہے۔ اس سے قبل وہ پہلے میچ میں 135 رنز بنا چکے ہیں۔ کوہلی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے، اس وقت بھارت کا اسکور 62 پر 2 وکٹ تھا۔ یہاں سے انہوں نے رتوراج گائیکواڑ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے اہم شراکت قائم کی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
کوہلی کی 53ویں سنچری—ریکارڈ مزید مضبوط
وراٹ کوہلی نے 90 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 93 گیندوں میں 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ دوسری جانب رتوراج گائیکواڑ نے بھی متاثر کن بلے بازی کرتے ہوئے 105 رنز کی سنچری اننگ کھیلی۔ ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں کوہلی پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد سچن تندولکر کا نمبر آتا ہے، جنہوں نے 463 ون ڈے میچوں میں 49 سنچریاں بنائی تھیں۔ اس فہرست میں روہت شرما (33)، رکی پونٹنگ (30) اور سنتھ جے سوریا (28) بھی شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم کا ٹاس کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ
اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 50 اوورس میں 5 وکٹ پر 358 رن کا ایک بڑا اسکور بنایا۔ جنوبی افریقہ کے لیے یہ ہدف آسان نہیں ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز میں بھارت پہلا میچ 17 رنز سے جیت چکا ہے اور وہ اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے سیریز پر قبضہ کرنا چاہے گا۔
شبھمن گل کی غیر موجودگی میں ٹیم کی کپتانی کے ایل راہل کررہے ہیں۔ بھارت کی پلیئنگ الیون میں یشسوی جیسوال، روہت شرما، وراٹ کوہلی، رتوراج گائیکواڑ، واشنگٹن سندر، رویندر جڈیجہ، ہرشت رانا، کلدیپ یادو، ارشدیپ سنگھ اور پرسدھ کرشنا شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم اور قیادت
جنوبی افریقہ کی کپتانی ٹیمبا باووما کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں کوئنٹن ڈی کاک، ایڈن مارکرم، میتھیو بریٹسکے، ٹونی ڈی زورجی، ڈیوالڈ بریویس، مارکو جینسن، کاربن بوش، کیشو مہاراج، نینڈرے برگر اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




