الیکشن کمیشن نے مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 15 ریاستوں کی 47 اسمبلی سیٹوں اور کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ کے لیے بھی ضمنی انتخابات سے متعلق تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق وائناڈ لوک سبھا سیٹ کے لیے ووٹنگ 13 نومبر کو ہوگی، جب کہ اس کے نتائج کا اعلان 23 نومبر کو کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے منگل کو نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ کہ وائناڈ سے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد وہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کیرالہ کے وائناڈ اور اتر پردیش میں ان کی آبائی سیٹ رائے بریلی سے بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ اس لیے انہوں نےوائناڈ سیٹ چھوڑ دی۔ راہل گاندھی نے دوسری بار وائناڈ سیٹ سے کثیر ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ 2019 میں، انہوں نے ریکارڈ 4.31 لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ اس بار انہوں نے 3.64 لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ گاندھی نے وائناڈ سیٹ سے سی پی آئی لیڈر اینی راجہ کو شکست دی تھی۔ اب ان کی بہن اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وائناڈ سے الیکشن لڑیں گی۔
مہاراشٹر میں ناندیڑ لوک سبھا سیٹ کے لیے 20 نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ ریاست کی تمام 288 سیٹوں پر اسمبلی انتخابات بھی اسی دن ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے اتر پردیش کی ملکی پور اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب کا اعلان نہیں کیا ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر کی تمام 288 سیٹوں کے لیے 20 نومبر کو ایک مرحلے میں انتخابات کا اعلان کیا ہے، جب کہ جھارکھنڈ میں اس نے 13 اور 20 نومبر کو دو مرحلوں میں ووٹنگ کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج بھی اسی روز آئیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں موجودہ اسمبلی کی میعاد 26 نومبر کو ختم ہو رہی ہے، جبکہ 81 رکنی موجودہ جھارکھنڈ اسمبلی کی میعاد 5 جنوری 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔