شمال مشرقی مدھیہ پردیش کے ایک مذہبی شہر میہار میں ضلعی انتظامیہ نے 30 مارچ سے 7 اپریل تک پورے نوراتری تہوار کے دوران انڈے، مچھلی، چکن اور گوشت سمیت تمام نان ویجیٹیرین کھانوں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثنا بی جے پی کے زیر اقتدار مدھیہ پردیش کے دو بڑے شہروں بشمول دارالحکومت بھوپال اور ریاست کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر اندور میں گوشت کی دکانیں آنے والے ہندو، جین، سندھی اور بدھ تہواروں پر بند رہیں گی۔
دونوں شہروں میں بی جے پی کے زیر انتظام میونسپل کارپوریشنوں نے گڑی پڈو اور چیتی چند (30 مارچ)، رام نومی (6 اپریل)، مہاویر جینتی (10 اپریل) اور بدھ پورنیما (12 مئی) پر میونسپل حدود میں گوشت کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکام نے لائسنس کی منسوخی سمیت حکم کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی دکان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ تاہم اندور میں میونسپل کارپوریشن نے مکمل نوراتری کے بجائے چار دن کی بندش کا حکم دیا ہے، دائیں بازو کی ہندو راشٹرا سنگٹھن (ایچ آر ایس) نے پورے شہر میں گوشت کی دکانوں پر نو دن کی پابندی لگانے پر زور دیا ہے۔
ایچ آر ایس نے نوراتری کے درمیان گوشت کی دکان کھولنے والوں کے خلاف طاقت کے استعمال کا اعلان کیا
ایچ آر ایس سربراہ راجیش شروڈکر نے کہا ’’ہم نویدن (درخواست) اور پھر دنادن (طاقت کے استعمال) پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارے کارکن اندور بھر میں گشت کریں گے اور اگر ہمیں گوشت کی دکانیں کھلی ہوئی نظر آئیں تو ہم طاقت کے زور پر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ پوری نوراتری کے دوران بند رہیں۔ وہیں ریاست میں بی جے پی کے کئی قانون ساز بشمول محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر راکیش سنگھ، شمالی جبل پور ایم ایل اے ابھیلاش پانڈے اور حضور (بھوپال) کے ایم ایل اے رامیشور شرما نے بھی نوراتری کے دوران ریاست بھر میں مکمل نو دن تک گوشت کی دکان بند رکھنے کے مطالبات کی حمایت کی ہے۔وہیں اندور میں اس پابندی پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر سچ سلوجا نے سوال کیا ’’یہ حکم KFC اور McDonald’s جیسے بڑے برانڈز کے ریستورانوں پر کیوں لاگو نہیں ہوتا؟ صرف چھوٹی دکانوں کے مالکان کو ہی کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟‘‘
بندیل کھنڈ میں کلاک ٹاور پر بھگوا جھنڈا لگانے سے روکنے پر سی ایم او پر حملہ
اس درمیان بندیل کھنڈ علاقے کے دموہ قصبے میں ایک الگ واقعے میں دائیں بازو کی ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے مبینہ طور پر چیف میونسپل آفیسر (سی ایم او) پردیپ شرما کا منہ کالا کر دیا، کیوں کہ میونسپل عملے نے انھیں قصبے کے مشہور کلاک ٹاور پر زعفرانی جھنڈا لگانے سے روک دیا۔ میونسپل عملے کی کارروائیوں اور سی ایم او پر حملے سمیت واقعات کے پورے سلسلے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ دموہ کے ضلع کلکٹر سدھیر کوچر نے کہا ’’ہم نے پورے واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم دیا ہے اور نتائج کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
