Bharat Express

Snowfall in Srinagar: سری نگر میں موسم کی پہلی برف باری، مقامی لوگ میں خوشی کی لہر

گاندربل کے ایک رہائشی عرفان احمد نے کہا کہ وادی میں برف باری وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ روزی روٹی کے لیے بہت ضروری ہے۔

سری نگر میں موسم کی پہلی برف باری

سری نگر: سری نگر اور کشمیر کے دیگر میدانی علاقوں میں جمعرات کے روز موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی جس سے مقامی لوگوں کے چہروں پر خوشی دیکھنے لائق تھی۔ حکام نے بتایا کہ میدانی علاقوں میں برف باری بدھ کی رات دیر گئے شروع ہوئی اور بیشتر مقامات پر صبح تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا، “سری نگر اور میدانی علاقوں کے آس پاس کے دیگر علاقوں میں کل دیر رات بارش اور برف باری ہوئی۔ اس کے بعد وادی صبح تک برف سے ڈھک گئی”۔ وہیں پونچھ کا ساوجیاں علاقہ بھی موٹی برف کی چادر میں ڈھکا ہوا ہے۔

 

سری نگر میں تقریباً دو انچ برف باری ہوئی

حکام نے بتایا کہ سری نگر میں تقریباً دو انچ برف باری ہوئی جبکہ اننت ناگ شہر میں چار انچ، قاضی گنڈ میں نو، پہلگام میں دس، پلوامہ شہر میں دو، کولگام شہر میں تین، شوپیاں شہر میں پانچ، گاندربل شہر میں دو، بارہمولہ شہر میں تین، کپواڑہ شہر میں چار انچ برف باری ہوئی ہے۔ اور گلمرگ میں 14 انچ برف باری ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری ہوئی ہے۔

گرمائی دارالحکومت سری نگر میں موسم کی یہ پہلی برف باری

حکام نے بتایا کہ وادی کشمیر کے میدانی علاقوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں موسم کی یہ پہلی برف باری ہے جہاں اس موسم سرما میں بہت کم بارش ہوئی ہے۔ ایک رہائشی معراج احمد نے کہا، “آخر کار کشمیر کے میدانی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، ہم اس کے لیے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں وادی میں مزید برف باری ہوگی۔ گاندربل کے ایک رہائشی عرفان احمد نے کہا کہ وادی میں برف باری وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ روزی روٹی کے لیے بہت ضروری ہے۔

بتا دیں کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ کو رامبن میں خراب موسم کی وجہ سے جمعرات کی صبح بند کر دیا گیا ہے۔ جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دوسری جانب مغل روڈ بھی برف باری کے باعث تین ماہ سے بند ہے۔ حکام نے بتایا کہ رامبن میں شیربی بی میں ایک شاہراہ کو نقصان پہنچا۔ اس کی بحالی کا کام جاری ہے۔ نیشنل ہائی وے کے ایس ایس پی ٹریفک نے کہا، ‘شیربی بی میں سڑک کی تباہی، کچھ دیگر مقامات پر پتھر گرنے اور کیچڑ کی وجہ سے این ایچ 44 کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ بحالی مکمل ہونے تک سفر نہ کریں۔

بھارت ایکسپریس۔