پی ایم نریندر مودی آج اتوار کے روز آسام کے مختلف اضلاع میں 18,530 کروڑ روپے سے زائد لاگت کی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ہفتہ کی شام وہ منی پور کے دورے کے بعد آسام پہنچے جہاں اتوار کے روز ان کا تفصیلی شیڈول طے ہے۔پی ایم کا پہلا پروگرام صبح 11:30 بجے ضلع درانگ کے قصبے منگل دَئی میں ہوگا، جہاں وہ درانگ میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور ایک جی این ایم (GNM) اسکول کی بنیاد رکھیں گے۔ ان صحت عامہ کے منصوبوں پر مجموعی طور پر 570 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
مزید برآں،پی ایم مودی ناریگی-کوروا پل کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے، جس کی متوقع لاگت 1,200 کروڑ روپے ہے اور جو برہمپتر ندی پر تعمیر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی 118.5 کلومیٹر طویل گوہاٹی رنگ روڈ منصوبے کا افتتاح بھی متوقع ہے، جو کامروپ اور درانگ اضلاع کو ریاست میگھالیہ کے ری-بھوئی ضلع سے جوڑے گا۔ اس رنگ روڈ کی مجموعی لاگت 4,530 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
اپنے دورہ کے دوران پی ایم مودی درانگ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب بھی کریں گے، جہاں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔
اس کے بعد پی ایم مودی دوپہر 2:15 بجے ضلع گولاگھاٹ کے نملی گڑھ پہنچیں گے، جہاں وہ 5,000 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے تیار کردہ بانس پر مبنی بایو-ایتھنول پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ یہ پلانٹ سالانہ 50 ہزار میٹرک ٹن ایندھن-گریڈ ایتھنول پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ 7,230 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی “پٹرو فلوئڈائزڈ کیٹالٹک کریکر” (PFCC) یونٹ کی بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، جو 360 کے ٹی پی اے (ہزار ٹن فی سال) پروپیلین پیدا کرے گی، جو کہ پلاسٹک ویلیو چین کو فروغ دینے میں معاون ہوگی۔
نملی گڑھ میں بھی پی ایم مودی ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے، جس کے بعد وہ اتوار کی شام جورہاٹ ایئرپورٹ سے کولکتہ روانہ ہو جائیں گے۔
بھوپین ہزاریکا کی 100ویں سالگرہ پر وزیراعظم مودی کا خراجِ عقیدت
پی ایم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز بھارت رتن بھوپین ہزاریکا کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر گوہاٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یہ دورہ منی پور کے بعد ہوا، جو کہ 2023 میں ہونے والے نسلی فسادات کے بعد پی ایم مودی کا پہلا دورہ تھا۔پی ایم مودی نے کہا کہ “بھوپین دا کی موسیقی کی لہریں یوں ہی بغیر رکے، ہمیشہ ہر سمت میں بہتی رہیں، یہی میری خواہش ہے۔” انہوں نے بھوپین ہزاریکا کو بھارت کے اتحاد اور سالمیت کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت نے نہ صرف آسام بلکہ پورے ملک کو جوڑنے کا کام کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



