نئی دہلی: معروف صنعتکار انل امبانی نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ عدالت کی پیشگی اجازت کے بغیر بھارت نہیں چھوڑیں گے۔ یہ حلف نامہ ریلائنس کمیونیکیشنز اور ان سے وابستہ کمپنیوں کے خلاف جاری مبینہ بینکنگ اور کارپوریٹ دھوکہ دہی کے معاملے میں جمع کرایا گیا ہے۔ حلف نامے میں انل امبانی نے بتایا کہ 4 فروری کو ان کے وکیل مکول روہتگی کی جانب سے عدالت میں دی گئی یقین دہانی درست ہے اور وہ اس پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2025 کے بعد سے وہ بھارت سے باہر نہیں گئے اور انل دھیروبھائی امبانی گروپ کی کمپنیوں کے خلاف جاری تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
انل امبانی نے مزید بتایا کہ انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 26 فروری کو پیش ہونے کا سمن موصول ہوا ہے اور وہ مقررہ تاریخ پر ای ڈی کے سامنے حاضر ہوں گے۔ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے مبینہ بڑے مالیاتی گھوٹالے کی جانچ کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ یہ حکم چیف جسٹس سوریاکانت، جسٹس جوئیمالیا باگچی اور جسٹس وپُل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے جاری کیا تھا۔
سماعت کے دوران عدالت نے تحقیقات میں تاخیر پر ناراضگی بھی ظاہر کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت سخت احکامات جاری نہیں کرنا چاہتی، قابل ذکر بات یہ ہےکہ ای ڈی اور مرکزی تفتیشی بیورو کی اسٹیٹس رپورٹ کا جائزہ لینا ضروری ہے کیونکہ یہ تقریباً چالیس ہزار کروڑ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق سنگین معاملہ ہے۔ حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشور مہتا نے عدالت سے کہا کہ معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور تفتیشی ایجنسیوں کو مناسب ہدایات دی جائیں۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ممکنہ ملی بھگت، سازش اور مالی روابط کی مکمل جانچ ضروری ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شکایت کی بنیاد پر باضابطہ ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے جب کہ دیگر بینکوں کی شکایات کی بھی جانچ جاری ہے۔ای ڈی کی جانب سے داخل حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ ریلائنس کمرشل فنانس، ریلائنس ہوم فنانس، ریلائنس کمیونیکیشنز اور ریلائنس پاور سے متعلق منی لانڈرنگ قوانین کے تحت تین مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اب تک 46 مقامات پر تلاشی کارروائیاں کی جا چکی ہیں، 300 سے زائد سمن جاری ہوئے اور 200 سے زیادہ بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔تحقیقات کے دوران منی لانڈرنگ قانون کے تحت مجموعی طور پر 12 ہزار 12 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی جا چکی ہیں، جب کہ فارن ایکسچینج قوانین کے تحت مزید 77.86 کروڑ روپے کے اثاثے بھی منجمد کیے گئے ہیں۔ یہ درخواست سابق مرکزی سکریٹری ای اے ایس سرما کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس پر سپریم کورٹ مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



