موسم کی تازہ کاری: مانسون کی واپسی کے آخری مرحلے میں محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ایک بار پھر خراب موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والے نئے کم دباؤ کے علاقے اور کئی ریاستوں میں سرگرم گردابی ہواؤں کے نظام کے باعث ملک کے کئی حصوں میں موسم کا مزاج بدلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج (19 اکتوبر) دہلی سے لے کر جنوبی ہندوستان اور مشرقی ریاستوں تک 9 ریاستوں میں موسلا دھار بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ اس دوران 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں لوگوں کی مشکلات بڑھا سکتی ہیں۔
9 ریاستوں میں شدید بارش اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی کا خدشہ
موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں موسمی سرگرمی، شمالی تمل ناڈو سے آندھرا پردیش تک پھیلے گردابی نظام اور راجستھان و مدھیہ پردیش میں بننے والے موسمی نظام کے باعث موسم میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔ اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اڈیشہ، کرناٹک، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو سمیت 9 ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑی ریاستوں میں برف باری اور اولے پڑنے کی بھی تنبیہ کی گئی ہے۔
دہلی سے اتر پردیش اور بہار تک بارش کا امکان
دہلی: قومی دارالحکومت میں آج آسمان پر بادل چھائے رہنے اور 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سطحی ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 اور کم سے کم 18 ڈگری سیلسیس رہ سکتا ہے۔ اتر پردیش: میرٹھ، آگرہ، غازی آباد، متھرا، پریاگ راج، کانپور اور جھانسی سمیت کئی اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش کا الرٹ ہے۔ لکھنؤ میں درجہ حرارت 32 ڈگری سیلسیس تک رہنے کی امید ہے۔ بہار: پٹنہ، گیا، مظفر پور، پورنیہ اور بھاگل پور میں گہرے بادل چھائے رہنے، 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور تیز بارش کا امکان ہے۔ جھارکھنڈ: رانچی، دھنباد، جمشید پور اور ہزار ی باغ میں 19 اور 20 اکتوبر کے دوران درمیانی سے شدید بارش اور 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔
پہاڑی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری تک پہنچا
پہاڑی علاقوں میں سردی نے شدت اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔ اتراکھنڈ کے دہرادون، نینی تال اور پتھورا گڑھ میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہیں ہماچل پردیش کے منالی، سولن، کنور اور لاہول اسپیتی میں موسم نے اچانک کروٹ لی ہے۔ منالی میں کم سے کم درجہ حرارت گر کر منفی 3 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے زوجیلا، گلمرگ اور پہلگام میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔
مغربی بنگال، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بھی موسم بدلے گا
مغربی بنگال کے کولکاتا، ہاوڑہ اور دارجلنگ میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کے ساتھ شدید بارش کا الرٹ ہے۔ دوسری جانب راجستھان کے جے پور، کوٹا اور ادے پور، جبکہ مدھیہ پردیش کے بھوپال، اندور اور چھندواڑہ میں ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ ماہی گیروں کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سمندر اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

