ممبئی، 29 اکتوبر : وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ممبئی میں منعقد “گلوبل میری ٹائم لیڈرز کانکلیو” میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2025 ہندوستان کے بحری شعبے کے لیے ایک تاریخی سال ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج گرین شپنگ، ڈیجیٹل پورٹس اور پائیدار سمندری ترقی کی سمت میں تیزی سے قدم بڑھا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر میں بھارت کے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آج یہاں 85 سے زیادہ ممالک کی شرکت اور اربوں روپے کے پروجیکٹس و ایم او یوز اس بات کا ثبوت ہیں کہ دنیا کو بھارت کی سمندری صلاحیت پر مکمل اعتماد ہے”۔
انہوں نے کہا کہ “میں آپ سب کا گلوبل میری ٹائم لیڈرز کانکلیو میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ سال 2016 میں ممبئی میں ہی اس ایونٹ کا آغاز ہوا تھا۔ اُس وقت یہ ایک قومی سطح کا پروگرام تھا، لیکن آج یہ ایک عالمی پلیٹ فارم بن چکا ہے، جہاں سمندری پالیسی، تجارت اور ٹیکنالوجی پر عالمی سطح پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے”۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ “85 سے زائد ممالک کی موجودگی اس بات کا پیغام ہے کہ بھارت صرف ایک شراکت دار نہیں، بلکہ عالمی میری ٹائم قیادت کا ایک مستحکم ستون بن چکا ہے۔ یہاں موجود ہر لیڈر ہمارے اجتماعی عزم کی نمائندگی کرتا ہے”۔
کانفرنس کے دوران سمندری شعبے سے وابستہ کئی اہم منصوبوں کا افتتاح کیا گیا اور ہزاروں کروڑ روپے کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ “یہ اس بات کی علامت ہے کہ دنیا کو بھارت کی میری ٹائم طاقت اور پالیسیوں پر کتنا یقین ہے۔ یہ سمجھوتے بندرگاہوں کی ترقی، شپ بلڈنگ، گرین شپنگ، ڈیجیٹل نیویگیشن اور سمندری سلامتی سے متعلق ہیں”۔ انہوں نے کہا کہ “اکیسویں صدی کے اس دور میں بھارت کا میری ٹائم سیکٹر غیر معمولی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ 2025 کا سال اس میدان میں بھارت کی کامیابیوں کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا”۔
وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں سمندری سیکیورٹی کے پروجیکٹ، دیسی شپ بلڈنگ، بلو اکانومی اور بندرگاہوں کی جدید کاری پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت اب دنیا کا تیسرا سب سے بڑا شپ ری سائیکلنگ ہب بن چکا ہے۔ “ہمارا مقصد صرف بندرگاہوں کو عالمی معیار کا بنانا نہیں، بلکہ عالمی سپلائی چین میں ایک مرکزی کردار ادا کرنا بھی ہے”۔ آخر میں وزیر اعظم مودی نے دنیا کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے ساتھ مل کر سمندری تجارت کو محفوظ، پائیدار اور جامع بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

