Bharat Express DD Free Dish

TIME Magazine Releases List of 100 Most Influential People: ٹائم میگزین کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست جاری، سندر پچائی، رنبیر کپور اور وکاس کھنہ شامل

ٹائم میگزین میں سندر پچائی کی پروفائل اے آئی ماہر اینڈریو این جی نے لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب مصنوعی ذہانت علم اور کام کرنے کے طریقوں کو تبدیل کر رہی ہے، پچائی کا اثر اس بات میں ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو کتنی وسیع سطح پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

نئی دہلی :ٹائم میگزین نے سال 2026 کی دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں سندر پچائی، رنبیر کپور اور وکاس کھنہ سمیت کئی عالمی شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ایسی شخصیات کو جگہ دی گئی ہے جنہوں نے جدت، قیادت، تخلیقی صلاحیت اور سماجی اثرات کے ذریعے عالمی منظرنامے کو متاثر کیا ہے۔ٹائم میگزین نے سندر پچائی کو گوگل کے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں قیادت کے لیے فہرست میں شامل کیا ہے۔ ان کی قیادت میں کمپنی نے اے آئی ٹولز کو سرچ، اینڈرائیڈ اور کروم جیسے پلیٹ فارمز میں شامل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گوگل نے اپنے جیمینی پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی مسابقت کے درمیان مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کی ہے۔

ٹائم میگزین میں سندر پچائی کی پروفائل اے آئی ماہر اینڈریو این جی نے لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب مصنوعی ذہانت علم اور کام کرنے کے طریقوں کو تبدیل کر رہی ہے، پچائی کا اثر اس بات میں ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو کتنی وسیع سطح پر استعمال کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب “آرٹسٹ” کی فہرست میں رنبیر کپور کو ان کی منفرد اداکاری اور قدرتی انداز کے لیے شامل کیا گیا ہے۔ ٹائم میگزین کے مطابق رنبیر کپور نے بھارتی سنیما میں ناظرین کی توقعات کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بھارتی کہانیوں کو عالمی سطح تک پہنچانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

اس کے علاوہ معروف شیف وکاس کھنہ کو کھانوں میں مہارت کے ساتھ ساتھ انسانی خدمات اور ثقافتی کردار کے لیے بھی فہرست میں جگہ دی گئی ہے۔ ٹائم میگزین کے مطابق وکاس کھنہ نے کھانے کو ثقافتوں کے درمیان پل بنانے کے طور پر استعمال کیا اور بھارتی روایت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔وکاس کھنہ کی پروفائل مشہور شیف ایرک ریپرٹ نے لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھنہ کا اثر صرف کامیابی تک محدود نہیں بلکہ دوسروں کو متاثر کرنے اور جوڑنے میں بھی نمایاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ریسٹورنٹ بنگلو کے ذریعے کھنہ نے ایک ایسا مقام بنایا ہے جہاں کھانا یادوں اور ثقافتی ورثے کی کہانی سناتا ہے۔

فہرست میں دیگر نمایاں شخصیات میں نیل موہن، ظہران ممدانی، پاپ لیو XIV، ریڈ وائز مین، ڈونلڈ ٹرمپ، مارکو روبیو، مارک کارنی، شی جن پنگ اور بنیامین نیتن یاہو شامل ہیں۔فہرست میں ایشیائی لیڈروں کو بھی شامل کیا گیا ہے ،جن میں جاپان کی پہلی خاتون وزیرعظم سانئے تاکائیچی اورنیپال کے نوجوان وزیراعظم بلیندر شاہ شامل ہیں۔ٹائم میگزین کی سالانہ “ٹائم 100” فہرست سیاست، ٹیکنالوجی، کاروبار، تفریح اور ثقافت کے شعبوں میں نمایاں عالمی شخصیات کو تسلیم کرتی ہے، جو دنیا بھر میں تبدیلی اور نئی سمت طے کر رہی ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read