روایتی طب کی معلومات، جینیاتی وسائل اور دانشورانہ املاک کے حقوق سے متعلق بِمسٹیک کی تیسری کانفرنس آج گوا میں شروع ہوگئی۔ اس کانفرنس کا انعقاد حکومت ہند کی وزارت آیوش کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جبکہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، گوا کو نوڈل ادارے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ دو روزہ کانفرنس کے ساتھ ہی روایتی طب کی معلومات، جینیاتی وسائل اور دانشورانہ املاک کے حقوق سے متعلق بِمسٹیک نوڈل گروپ کا دوسرا اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس میں بِمسٹیک کے رکن ممالک کے ماہرین، حکام اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
روایتی طب کے شعبے میں علاقائی تعاون بڑھانے پر زور
وزارت آیوش کی جوائنٹ سکریٹری اور افتتاحی اجلاس کی چیئرپرسن مونالیسا داس نے روایتی طب کے لیے بِمسٹیک ٹاسک فورس کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ گروپ تحقیق، تعلیم، صلاحیت سازی، معیاری کاری، فارماکوپیا کی تیاری، ضابطہ جاتی تعاون اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کو تیز کر سکتا ہے۔انہوں نے روایتی طب کے لیے مجوزہ بِمسٹیک سینٹر آف ایکسی لینس کا بھی ذکر کیا، جس کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے اپریل 2025 میں بینکاک میں منعقدہ چھٹی بِمسٹیک چوٹی کانفرنس کے دوران کیا تھا۔
روایتی معلومات کے تحفظ اور مقامی برادریوں کے حقوق پر توجہ
افتتاحی خطاب میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید کے ڈائریکٹر پروفیسر ویدیا پی کے پرجاپتی نے کہا کہ بِمسٹیک خطہ روایتی طبی نظام، حیاتیاتی وسائل اور مقامی برادریوں کی نسل در نسل منتقل ہونے والی معلومات کے لحاظ سے انتہائی مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد ایسا مشترکہ فریم ورک تیار کرنا ہے، جو روایتی معلومات کے تحفظ کے ساتھ جائز تحقیق اور اختراع کو فروغ دے اور پیشگی باخبر رضامندی، باہمی طور پر طے شدہ شرائط اور فوائد کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے مقامی برادریوں کے مفادات کا تحفظ کرے۔ بِمسٹیک کے سائنس، ٹیکنالوجی و اختراع اور صحت و انسانی وسائل کی ترقی کے ڈویژن کے ڈائریکٹر کدیرکمو کانداسامی یوگاناادن نے کہا کہ علاقائی تعاون کا بنیادی مقصد لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا، صحت کے نظام کو مضبوط کرنا اور روایتی طب کے مالا مال ورثے کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا ہے۔
7 رکن ممالک نے اپنی پالیسیوں اور تجربات کا کیا اشتراک
کانفرنس کے تکنیکی اجلاسوں میں روایتی معلومات کی دستاویز بندی، دانشورانہ املاک کے حقوق، جینیاتی وسائل، رسائی اور فوائد کی تقسیم، پیشگی باخبر رضامندی اور مقامی برادریوں کے حقوق سمیت عالمی دانشورانہ املاک تنظیم اور عالمی ادارۂ صحت سے متعلق اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ بنگلہ دیش، بھوٹان، ہندوستان، میانمار، نیپال، سری لنکا اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے اپنی قومی پالیسیوں، قانونی فریم ورک اور تجربات کا اشتراک کیا۔ کانفرنس میں روایتی معلومات کی ڈیجیٹل لائبریری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں محدود رسائی والی دستاویز بندی، پہلے سے موجود معلومات کے قانونی تحفظ اور اس کے تجربے کی علاقائی سطح پر افادیت کے امکانات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت، روایتی معلومات کی دستاویز بندی، دانشورانہ املاک اور اخلاقی امور بھی زیر بحث آئے۔
نوڈل گروپ کے اجلاس میں آئندہ تعاون کا لائحہ عمل
بِمسٹیک نوڈل گروپ کے دوسرے اجلاس میں علاقائی تعاون، صلاحیت سازی، ماہرین کے نیٹ ورک، دستاویز بندی کے معیارات، اعداد و شمار کے انتظام اور باہمی تعاون کے ممکنہ طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔ کانفرنس میں ہونے والی بات چیت کی بنیاد پر اہم سفارشات بھی تیار کی جائیں گی، تاکہ بِمسٹیک خطے میں روایتی طبی معلومات کے تحفظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے لیے تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، گوا کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر سجاتا کدم نے کہا کہ بِمسٹیک کے ہر رکن ملک کے پاس نسل در نسل ترقی پانے والا روایتی معلومات کا ایک مالا مال ورثہ موجود ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام مندوبین، ماہرین اور اداروں کا ان کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس 17 ستمبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
