نئی دہلی :ماڈل اور اداکارہ ٹویشا شرما کی مشتبہ حالات میں ہوئی موت کے معاملے میں بڑا عدالتی فیصلہ سامنے آیا ہے۔ بھوپال کی خصوصی عدالت نے ملزم ساس اور سابق جج گیری بالا سنگھ اور شوہر سمرتھ سنگھ کو 2 جون تک سی بی آئی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ دونوں ملزمان کو سی بی آئی نے عدالت میں پیش کیا، جہاں ایجنسی نے مزید پوچھ گچھ کے لیے ریمانڈ کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔عدالت میں پیشی سے قبل گیری بالا سنگھ اور سمرتھ سنگھ کا میڈیکل معائنہ بھی کرایا گیا۔ اس ہائی پروفائل کیس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور معاملے پر مسلسل عوامی اور قانونی حلقوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
سی بی آئی نے گیری بالا سنگھ کو جمعرات کے روز ان کے کٹارا ہلز واقع رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی پیشگی ضمانت مسترد کیے جانے کے چند گھنوں بعد ہی سی بی آئی ٹیم نے صبح تقریباً 10:30 بجے ان سے پوچھ گچھ شروع کی، جو سات گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہی۔ شام قریب 5:10 بجے سی بی آئی نے انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل اسی کیس میں ان کے بیٹے اور ٹویشا کے شوہر سمرتھ سنگھ کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ ٹوشا شرما 12 مئی کو اپنے سسرال کے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ابتدا میں اس معاملے کو مشتبہ موت کے طور پر دیکھا جا رہا تھا، لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اینٹی مارٹم چوٹوں کا انکشاف ہونے کے بعد کیس نے نیا رخ اختیار کر لیا۔ رپورٹ میں جسم پر ایسی چوٹوں کا ذکر کیا گیا ہے جو موت سے پہلے لگنے کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ٹویشا کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ انہیں سسرال میں مسلسل جہیز کے لیے ہراساں کیا جاتا تھا اور ذہنی و جسمانی ظلم کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ خاندان کا کہنا ہے کہ انہی حالات کے باعث یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
سی بی آئی اب اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔ تفتیشی ایجنسی واٹس ایپ چیٹس، کال ریکارڈز، ڈیجیٹل شواہد اور گواہوں کے بیانات کی بنیاد پر پورے معاملے کی کڑیاں جوڑنے میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی دونوں ملزمان کو آمنے سامنے بٹھا کر بھی پوچھ گچھ کر سکتی ہے تاکہ واقعے کے وقت کے حالات اور مبینہ سازش سے متعلق اہم معلومات حاصل کی جا سکیں۔ کیس کی اگلی سماعت اور سی بی آئی کی تفتیش پر اب سب کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں، کیونکہ اس معاملے میں مزید بڑے انکشافات ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




