کھگڑیا: بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم تیز ہو چکی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ انتخابی مہم میں ہفتہ کے روز مسلسل دوسرے دن میدان میں اترے اور ایک انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز کھگڑیا میں منعقد ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب کسی ایم ایل اے، وزیر یا وزیر اعلیٰ کو بنانے کا نہیں ہے بلکہ یہ طے کرنے والا انتخاب ہے کہ بہار میں جنگل راج لانا ہے یا ترقی کا راج۔
امت شاہ نے موجود عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹوں کا استعمال صحیح جگہ پر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم پانچ پارٹیاں ایک ہو کر پانڈووں کی طرح انتخابی میدان میں ہیں۔ انہوں نے اس اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر آر جے ڈی کی حکومت آئی تو اس کے ساتھ جنگل راج بھی آئے گا، اور اگر این ڈی اے کی حکومت بنی تو ’’ترقی یافتہ بہار‘‘ پورے بھارت میں اپنی پہچان بنائے گا۔ انہوں نے آر جے ڈی کے دورِ حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں اغوا، قتل، لوٹ اور عصمت دری روزمرہ کا معمول تھا۔ آج آر جے ڈی کے لیڈر قتل کی بات کر رہے ہیں، ایسا لگتا ہے جیسے سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی بیس سالہ حکومت میں بہار میں ایک بھی بڑا قتل عام نہیں ہوا۔ این ڈی اے حکومت نے بہار کو جنگل راج سے نجات دلائی، خاندانی سیاست ختم کی اور سب سے اہم بات یہ کہ بہار کو نکسلزم سے آزاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بہار ترقی کے انجن سے لیس ہو کر ڈبل انجن کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی بالکل واضح ہے: اسکول اور کالج میں تعلیم، وقت پر دوا، کھیتوں میں آبپاشی اور ہر گھر میں پانی کی سپلائی۔ انہوں نے مہاگٹھ بندھن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں صرف دو چیزیں ہیں: بدعنوانی اور خاندانی سیاست۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ نتیش کمار پر چار آنے کے گھوٹالے کا بھی الزام نہیں ہے، جبکہ لالو یادو نے چارہ گھوٹالہ، الکترا گھوٹالہ سمیت کئی گھوٹالے کیے۔ انہوں نے دراندازوں کا ذکر کرتے ہوئے حاضرین سے پوچھا کہ کیا بہار سے دراندازوں کو بھگانا دینا ہے یا نہیں؟ سبھی لوگوں نے ’ہاں‘ میں جواب دیا۔ اس دوران انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومت کی جاری اسکیموں کا بھی ذکر کیا۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



