Bharat Express DD Free Dish

Trust for Ahmedabad Crash Victims: ٹاٹا سنز نے 500 کروڑ روپے کے عطیے کے ساتھ بنایا احمد آباد طیارہ حادثے کے متاثرین کے لیے وقف ٹرسٹ، رجسٹریشن ہوا مکمل

ٹاٹا سنز اور ٹاٹا ٹرسٹس نے اس فلاحی اقدام کے لیے مشترکہ طور پر 500 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، جس میں دونوں ادارے 250-250 کروڑ روپے عطیہ کریں گے۔

ٹاٹا سنز نے جمعہ کے روز ایک سرکاری چیریٹیبل ٹرسٹ ’’اے آئی-171 میموریل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کے قیام اور رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ یہ ٹرسٹ احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 کے المناک حادثے کے متاثرین کے لیے وقف ہوگا۔ اس ٹرسٹ کا مقصد حادثے میں جاں بحق افراد کے پسماندگان، شدید زخمیوں اور ان تمام افراد کو فوری اور طویل مدتی امداد فراہم کرنا ہے جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ ٹرسٹ ان فرسٹ رسپانڈرز، طبی عملے، امدادی کارکنوں، سماجی کارکنوں اور سرکاری اہلکاروں کو بھی مدد فراہم کرے گا جنھوں نے حادثے کے بعد قیمتی خدمات انجام دیں۔

500 کروڑ روپے کی مالی امداد کا اعلان

ٹاٹا سنز اور ٹاٹا ٹرسٹس نے اس فلاحی اقدام کے لیے مشترکہ طور پر 500 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، جس میں دونوں ادارے 250-250 کروڑ روپے عطیہ کریں گے۔ اس رقم سے درج ذیل اقدامات کیے جائیں گے:

۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے فی کس ایکس گریشیا امداد

۔ شدید زخمیوں کا مکمل علاج

۔ حادثے میں متاثرہ بی جے میڈیکل کالج ہاسٹل کی ازسرِنو تعمیر

پانچ رکنی بورڈ آف ٹرسٹیز قائم

اس ٹرسٹ کی نگرانی اور انتظام پانچ رکنی بورڈ آف ٹرسٹیز کے تحت کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر دو ٹرسٹیز ایس پدمنابھن (سابق ٹاٹا افسر) اور سدھارتھ شرما (جنرل کونسل، ٹاٹا سنز) کا اعلان کیا گیا ہے۔ مزید ٹرسٹریز کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ یہ ٹرسٹ اپنی سرگرمیاں ٹیکس رجسٹریشن اور دیگر ضابطہ جاتی رسمی کارروائیوں کے مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر شروع کردے گا۔

ALPA India کا میڈیا سے ذمہ داری کا مطالبہ

دریں اثنا ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (ALPA India) نے میڈیا اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ AI-171 کے حادثے سے متعلق قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں، خاص طور پر ان معاملات پر جو کہ حساس نوعیت کے ہیں، جیسے کہ پائلٹ کی ذہنی صحت یا ان کی مبینہ غفلت کی قیاس آرائیاں۔ ALPA India نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سانحے کے حوالے سے غیر مصدقہ، قیاس پر مبنی یا جذباتی نوعیت کی رپورٹنگ سے احتراز کریں۔ خاص طور پر ان خبروں سے جو فلائٹ کے عملے کو بغیر کسی تحقیق یا شواہد کے موردِ الزام ٹھہراتی ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read