نئی دہلی: اردوصحافت کے سینئرترین اورمعروف کرائم رپورٹرامیراحمد راجہ آج مختصرعلالت کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔ وہ گزشتہ 4 روزسے لوک نائک جے پرکاش (ایل این جے پی) اسپتال میں زیرِعلاج تھے، جہاں ان کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد انہیں وینٹی لیٹرپررکھا گیا تھا۔ ان کے انتقال کی خبرپھیلتے ہی صحافتی، سماجی اورسیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑگئی۔ امیراحمد راجہ نے اپنی صحافتی زندگی کا بیشترحصہ اردوصحافت میں جرائم کی رپورٹنگ کے لیے وقف کیا۔ وہ دہلی کے جرائم اورپولیس سے متعلق خبروں پرگہری نظررکھتے تھے اورکئی دہائیوں تک اس شعبے میں اپنی منفرد شناخت قائم رکھی۔ ان کی رپورٹنگ میں خبرکی تہہ تک پہنچنے، حقائق کی تصدیق اورذرائع سے مضبوط رابطے کی جھلک نمایاں ہوتی تھی۔
امیراحمد راجہ نے اپنے طویل صحافتی سفر کے دوران پرتاپ، فیصل، ملاپ، نئی دنیا، ان دنوں، مشرقی آوازاورروزنامہ سیاسی تقدیرجیسے متعدد اخبارات میں خدمات انجام دیں۔ صحافت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ انہوں نے خود کوبھی ہم آہنگ کیا اورسال 2015 میں’’اردونیوزسروس‘‘ کے نام سے اپنی ایجنسی قائم کی، جس کے ذریعے وہ فری لانس صحافتی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ نہ صرف ایک تجربہ کاررپورٹرتھے بلکہ دہلی کی اردوصحافت میں نئی نسل کے متعدد صحافیوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بھی رہے۔
کرائم رپورٹنگ میں وسیع تجربہ
کرائم رپورٹنگ کے میدان میں ان کے وسیع تجربے، پولیس اورانتظامیہ کے ساتھ ان کے پیشہ ورانہ روابط اورخبرکوپرکھنے کی صلاحیت نے انہیں اپنے ہم عصرصحافیوں میں ممتازمقام عطا کیا۔ امیراحمد راجہ کے انتقال سے اردوصحافت بالخصوص دہلی کی کرائم رپورٹنگ کوایک بڑا نقصان پہنچا ہے۔ صحافتی حلقوں نے ان کے انتقال کوایک عہد کا خاتمہ قراردیتے ہوئے گہرے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ اورایک بیٹی شامل ہیں۔
دہلی گیٹ قبرستان میں ہوئی تدفین
امیر احمد راجہ کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر کوچہ پنڈت کی مسجد چاندی والی میں ادا کی گئی، جس میں صحافیوں، سماجی وسیاسی شخصیات، دوستوں، عزیزوں اوربڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ نمازِجنازہ کے بعد ان کا جسدِ خاکی دہلی گیٹ قبرستان لے جایا گیا، جہاں سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں ان کی تدفین عمل میں آئی۔ ممبراسمبلی عمران حسین، ممبراسمبلی آل محمد اقبال، کونسلرمحمد صادق،سابق کونسلرراکیش کمار، شیخ علیم الدین اسعدی،حفیظ الحق سمیت بڑی تعداد میں صحافتی، سماجی اورسیاسی شخصیات نے جنازہ میں شرکت کی اوران کے لئے دعائے مغفرت کی۔ بھارت ایکسپریس اردوبھی امیراحمد راجہ کے انتقال پرتعزیت کا اظہارکرتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


